وزیر زراعت پنجاب سید عاشق حسین کرمانی کا بارانی زرعی یونیورسٹی راولپنڈی کا دورہ

جدید زرعی ٹیکنالوجی کو متعارف کروانے کے لئے تحقیقی سرگرمیوں کو مزید بڑھائے‘وزیر زراعت پنجاب

بدھ 22 مئی 2024 19:48

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 مئی2024ء) بارانی زرعی یونیورسٹی راولپنڈی بارانی علاقوں میں جدید زرعی ٹیکنالوجی کو متعارف کروانے کے لئے تحقیقی سرگرمیوں کو مزید بڑھائے۔ ان خیالات کا اظہار وزیر زراعت پنجاب سید عاشق حسین کرمانی نے پیر مہر علی شاہ بارانی زرعی یونیورسٹی راولپنڈی کے دورہ کے دوران کیا۔ اس موقع پر وزیر زراعت پنجاب سید عاشق حسین کرمانی کا کہنا تھا کہ بارانی زرعی یونیورسٹی راولپنڈی خطہ پوٹھوار اور دیگر بارانی علاقوں کے لئے بہتر پیداوار دینے والی فصلوں کی نئی اقسام متعارف کروانے کے لئے تحقیقی کاوشوں کو تیز کرئے۔

خطہ پوٹھوار پھلوں اور سبزیات کی کاشت کے لئے انتہائی موزوں ہے اس حوالے سے زیادہ منافع دینے والے پھلوں کو متعارف کروانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔

(جاری ہے)

وزیر زراعت پنجاب نے مزید کہا کہ بارانی زرعی یونیورسٹی راولپنڈی ہائی ویلیو کراپس، زمین کی بردگی اور آبی ذخائر بڑھانے کے لئے تحقیقی کام کو بڑھائیں۔ بارانی زرعی یونیورسٹی محکمہ زراعت پنجاب کے دوسرے تحقیقاتی اداروں سے تعاون کو بڑھائیں تاکہ تحقیقی کام کو تقویت ملے اور زراعت کی ترقی کو فروغ حاصل ہو۔

انہوں نے کہا کہ زیتون پر مزید تحقیق کی جائے اور تیل دار اجناس کی پیداوار میں اضافہ پر خصوصی توجہ دی جائے خصوصاً مونگ پھلی کی نئی اقسام تیار کی جائیں۔ اس موقع پر سیکرٹری زراعت پنجاب افتخار علی سہو کا کہنا تھا کہ بارانی علاقوں میں آبی ذخائر کو بڑھانے اور جدید نظام آبپاشی کو بڑھانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ بارانی زرعی یونیورسٹی بین الاقوامی اور ملکی سطح کے اداروں سے مل کر ایک مربوط حکمت عملی وضع کرے اور اس حوالہ سے نئے منصوبہ جات کو لے کر آئے۔

اس موقع پر بریفنگ دیتے ہوئے پیر مہر علی شاہ بارانی زرعی یونیورسٹی راولپنڈی کے وائس چانسلر ڈاکٹر محمد نعیم کا بتانا تھا کہ یونیورسٹی ہذا پریسین اور ڈیجیٹل ایگریکلچر کو متعارف کروانے کے لئے تحقیق کر رہی ہے تاکہ زراعت کو ان جدید خطوط پر استوار کیا جائے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ یونیورسٹی ہذا نے ایک سمارٹ فارم بھی قائم کیا ہوا ہے جہاں پر ڈرون اور سمارٹ سپرے کی سہولت موجود ہے۔

یونیورسٹی ہذا بارانی علاقوں کے کاشتکاروں کو جدید زراعت کے متعلق ٹریننگز اور ورکشاپس بھی کروا رہی ہے۔ اس موقع پر راولپنڈی کے ایم پی اے راجہ محمد حنیف، ملک افتخار احمد، ضیاء اللہ شاہ، سید شاہد افتخار بخاری ڈائریکٹر زراعت (توسیع) راولپنڈی ڈویژن، ڈاکٹر انجم علی بٹر پروجیکٹ ڈائریکٹر محکمہ زراعت پنجاب بھی موجود تھے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں