تاجر دوست اسکیم میں ابہام کی وجہ سے تاجروں کے شدید تحفظات ہیں ‘ آل پاکستان انجمن تاجران

بدھ 22 مئی 2024 22:52

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 مئی2024ء) آل پاکستان انجمن تاجران کے مرکزی صدر اشرف بھٹی نے کہا ہے کہ تاجر دوست اسکیم میں ابہام کی وجہ سے تاجروں کے شدید تحفظات ہیں جس کی وجہ سے ابھی تک یہ اسکیم کامیاب نہیں ہوسکی، یہ کہا جارہا ہے کہ آڈٹ ہوگا جس کی وجہ سے تاجروں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے ، ایف بی آر سے اپیل ہے کہ اس اسکیم کے بارے میں مارکیٹوں میں آگاہی دی جائے اور تاجروں کے تحفظات دور کئے جائیں۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں منعقد ہ ہنگامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اشرف بھٹی نے کہا کہ تاجر دوست اسکیم کے حوالے سے لاہور چیمبر میں بھی نشست ہوئی ہے لیکن اسکیم میں پایا جانے والا ابہام اور تاجروں کے تحفظات دور نہیں ہوسکے ، ایف بی آر کے مہم جوئی کے اشتہارات بھی خوف و ہراس کا باعث بن رہے ہیں۔ تاجر دوست اسکیم کی کامیابی تبھی ممکن ہے جب اسٹیک ہولڈرز اسکیم کو اس کے بارے میں آگاہی دی جائے ۔ ہم پہلے بھی پیشکش کر چکے ہیں ایف بی آر کے نمائندے تجارتی مراکز اور مارکیٹوں کے دورے کر کے تاجر دوست اسکیم کے حوالے سے آگاہی دیں ہم ان کے ساتھ بھرپور تعاون کریں گے۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں