لاہور، روٹی و نان کی مقررہ قیمتوں کی خلاف ورزی پر 2لاکھ سے زائد کے جرمانے عائد ، 5گرفتار

بدھ 22 مئی 2024 21:40

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 مئی2024ء) ضلعی انتظامیہ نے روٹی و نان کی مقررہ قیمتوں سے زائد پر فروخت کرنے پر مقدمات درج کر کے جرمانے عائد کر دیئے ۔ترجمان کے مطابق وزیر اعلی پنجاب ریلیف پروگرام پر عملدرآمد کے لیے ڈی سی لاہور رافعہ حیدر کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنرز نے فیلڈ میں اچانک چھاپے مارے اور1354مقامات کی چیکنگ کی، 7مقدمات کا اندراج کیا ،67خلاف ورزیوں پر 2لاکھ سے زائد روپے کے جرمانے عائد جبکہ5گرفتاریاں بھی عمل میں لائی گئیں ۔

اسسٹنٹ کمشنر سٹی رائے بابر نے شاہدرہ بیگم کوٹ اور جیا موسی کے علاقے میں متعدد تندوروں کی چیکنگ کی،اسسٹنٹ کمشنر سٹی نے روٹی و نان کے وزن کم ہونے پر تندور مالکان کو بھاری جرمانہ عائد کئے-اسسٹنٹ کمشنر شالیمار انعم فاطمہ نے جلو موڑ اور داروغہ والا میں متعدد تندوروں اور پٹرول پمپس کی چیکنگ کی ،اسسٹنٹ کمشنر شالیمار انعم فاطمہ نے خلاف ورزی پر زوم پٹرول پمپس کو 1لاکھ روپے کا جرمانہ عائد کیا۔

(جاری ہے)

اسسٹنٹ کمشنر ماڈل ٹائون نے تحصیل ماڈل ٹائون میں پرائس انسپکشن کی۔اسسٹنٹ کمشنر ماڈل ٹائون نے روٹی و نان کی قیمتوں میں خلاف ورزی پر 15ہزار روپے کا جرمانہ عائد کیا-ڈی سی لاہور نے کہا کہ انتظامی افسران باقاعدگی سے روٹی و نان کی قیمتوں کا جائزہ لے رہے ہیں،روٹی 15 روپے میں دستیاب ہے،شہری اپنی شکایت وزیر اعلی پنجاب ہیلپ لائن نمبر 080002345 پر اندراج کروائیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں