آئی جی پنجاب نے راولپنڈی ریجن کے 21غازی افسران وا ہلکاروں کو سلور میڈلز سے نوازا

جمعرات 23 مئی 2024 19:10

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 مئی2024ء) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہاہے کہ فرض کی راہ میں سینوں پر گولیاں کھانے والے اوربازو، ٹانگ اور دیگر اعضا کی قربانی دینے والے بہادر غازی افسران وا ہلکار محکمہ پولیس کے ہیروز ہیں۔ پولیس فورس کے بہادر غازیوں کی بے مثال خدمات کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے خصوصی تقریب منعقد کی گئی جس میں آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے راولپنڈی ریجن کے 21غازیوں کو سلور میڈلز سے نوازا،راولپنڈی پولیس کے 9، اٹک کے 11اور چکوال پولیس کا ایک اہلکار غازی میڈلز حاصل کرنے والوں میں شامل تھے۔

ترجمان کے مطابق اس موقع پر آئی جی پنجاب نے کہاکہ ان بہادر افسران و جوانوں کی بے مثال خدمات، بلند عزم و ہمت اور حوصلے کا نعم البدل کوئی چیز نہیں ہوسکتی، محکمہ پولیس اپنے ان بہادر بیٹوں کے بہترین علاج اور جلد از جلد بحالی کیلئے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے۔

(جاری ہے)

آئی جی پنجاب نے کہاکہ غازی افسران و اہلکاروں کے نام سنٹرل پولیس آفس کی غازی وال پر کندہ کئے جا رہے ہیں، غازی پیکج کی سہولیات دی جارہی ہیں، ان افسران و اہلکاروں کی عزت و تکریم اور حوصلہ افزائی کیلئے مزید اقدامات جاری رہیں گے۔

آئی جی پنجاب نے کہا کہ کانسٹیبل سے ڈی ایس پی رینک کے ان افسران و جوانوں نے ہائی پروفائل آپریشنز کامیابی سے سر انجام دے کر فرض شناسی کی عمدہ مثال قائم کی ہے۔ آئی جی نے غازی میڈلز حاصل کرنے والے افسران و اہلکاروں کی شاندار خدمات کو بھرپور سراہا۔تقریب میں غازی افسران و اہلکاروں کی خصوصی شرکت، آئی جی پنجاب نے فیملیز کا بھی شکریہ ادا کیا۔ڈی آئی جی ہیڈ کوارٹرز ہمایوں بشیر تارڑ، اے آئی جی ڈسپلن آصف امین اعوان، ایس پی سی آر او عقیلہ نیاز نقوی اور ایس پی انویسٹی گیشن صدر لاہور شہزاد رفیق اعوان سمیت دیگر افسران بھی تقریب میں موجود تھے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں