رائے ونڈ میں سپیڈو بس سروس نہ ہونے سے ہزاروں مسافروں کو مشکلات کا سامنا

پیر 27 مئی 2024 16:17

رائے ونڈ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 مئی2024ء) رائے ونڈ میں سپیڈو بس سروس نہ ہونے سے ہزاروں مسافروں کو مشکلات کا سامنا،سفری سہولیات کے فقدان سے شہریوں کی زندگی اجیرن ہو گئی۔تفصیلات کے مطابق رائے ونڈ شہر میں سفری سہولیات کے فقدان سے روزانہ کی بنیاد پر سفر کرنیوالے ہزاروں مسافر وں کو شدید گرمی میں ویگنوں،رکشوں اور دیگر ذرائع آمدورفت اختیار کرنا پڑتا ہے جس سے سفری اذیت کا سامنا کرنے کے ساتھ شدید گرمی ،حبس اور موسمی اثرات سے محفوظ رہنا مشکل ہوجاتا ہے ۔

طالبات کے ساتھ بدتمیزی اور فرنٹ سیٹ پر تین تین سواریاں بٹھانا معمول بن گیا ہے ۔کرایہ اضافی وصول کرتے ہیں نہ دینے والوں کے ساتھ بدتمیزی اور ہاتھا پائی تک کرتے ہیں۔روزانہ کی بنیاد پر ملازمین اور طلباء وطالبات کو آنے جانے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔

(جاری ہے)

شام کے اوقات میں منہ مانگے کرائے وصول کیے جاتے ہیں ،قانون نافذ کرنے والے ادارے آج تک اس پر کنٹرول نہیں کرسکے ہیں۔

آر ٹی سیکرٹری سمیت دیگر ادارے عوام کو سفری سہولیات فراہم کرنے میں مکمل ناکام ہوچکے ہیں۔شہریوں کا کہنا ہے کہ سپیڈوبس جس کا دائرہ کار جان بوجھ کر اڈا پلاٹ تک محدود کردیا گیا ہے اس کو رائے ونڈ تک بحال کیا جائے تاکہ رائے ونڈ کی عوام سفری سہولیات سے مستفید ہوسکے۔یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ تین دہائیاں گزرنے کے باوجود مسلم لیگ (ن) نے رائے ونڈ شہر کے لیے کوئی سفری سہولیات کا منصوبہ نہیں بنایا ،جس کے باعث ٹرانسپورٹ مافیا بے لگا م ہو کر مسافروں کو دونوں ہاتھوں سے لوٹ رہا ہے ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں