امراض قلب میں مبتلا مریضوں تک علاج معالجے کی بہتر سہولیات کی فراہمی اولین ترجیح ہے، خواجہ سلمان رفیق

پیر 27 مئی 2024 18:06

امراض قلب میں مبتلا مریضوں تک علاج معالجے کی بہتر سہولیات کی فراہمی اولین ترجیح ہے، خواجہ سلمان رفیق
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 مئی2024ء) صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق کی زیر صدارت محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن میں میو ہسپتال و دیگر کارڈیالوجی ہسپتالوں کے کارڈیک سرجری ڈیپارٹمنٹ کی صلاحیت بڑھانے کے حوالے سے اہم اجلاس منعقدہوا۔اجلاس میں صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے وزیر آباد انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کی کارکردگی کا بھی جائزہ لیا۔

متعلقہ افسران نے اس حوالے سے صوبائی وزیر صحت کو بریفنگ دی۔ سیکرٹری صحت پنجاب علی جان خان، سپیشل سیکرٹریز سید واجد علی شاہ اور راجہ منصور، ایڈیشنل سیکرٹری ٹیکنیکل ڈاکٹر حافظ شاہد لطیف، وائس چانسلر کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر محمود ایاز، پروفیسر ابرار اشرف، سی ای او می ہسپتال پروفیسر احسن نعمان،پروفیسر فیصل مسعود، چیئرمین بورڈ آف ڈائریکٹرز پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی پروفیسر فرقد عالمگیر، پروفیسر عمران و دیگر افسران اس موقع پر موجود تھے۔

(جاری ہے)

ویڈیو لنک کانفرنس کے ذریعے وزیر آباد انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر، ایم ایس اور متعلقہ افسران نے شرکت کی۔صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ میو ہسپتال لاہور میں کارڈیک کمپلیکس بنائیں گے۔پنجاب کے تمام سرکاری ٹیچنگ ہسپتالوں کے ڈیپارٹمنٹ آف کارڈیک سرجری کی صلاحیت میں بہتری لانے جا رہے ہیں۔ میو ہسپتال کے ڈیپارٹمنٹ آف کارڈیک سرجری میں ایچ آر کو مکمل کر رہے ہیں۔

سرکاری ہسپتالوں کے ڈیپارٹمنٹ آف کارڈیک سرجری کی صلاحیت بڑھانے سے کارڈیالوجی ہسپتالوں میں مریضوں کے رش میں واضح فرق آئے گا۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ کارڈیالوجی ہسپتالوں میں علاج کے معیار پر ایک فیصد بھی سمجھوتہ نہیں کر سکتے۔ سرکاری کارڈیالوجی ہسپتالوں میں امراض قلب میں مبتلا مریضوں کو علاج و معالجہ کی معیاری اور مہنگی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔

پنجاب کے کارڈیالوجی ہسپتالوں میں ویٹنگ لسٹ میں واضح بہتری لانا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ امراض قلب میں مبتلا مریضوں تک علاج معالجے کی بہتر سہولیات کی فراہمی اولین ترجیح ہے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف امراض قلب میں مبتلا مریضوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنا چاہتی ہیں۔سیکرٹری صحت پنجاب علی جان خان نے کہاکہ پنجاب کے کارڈیالوجی ہسپتالوں کی استعدادکار بڑھانا اشد ضروری ہے۔

کارڈیالوجی ہسپتالوں میں ایچ آر سمیت دیگر سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔چیئرمین بورڈ آف ڈائریکٹرز پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی پروفیسر فرقد عالمگیر نے کہاکہ پنجاب کے کارڈیالوجی ہسپتالوں کا دورہ کرکے طبی سہولیات کا جائزہ لیا جا رہا ہے، مختلف اصلاحات لا کر کارڈیالوجی ہسپتالوں کی استعدادکار مزید بہتر بنائیں گے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں