رمضان المبارک کا مہینہ نزول قرآن کا مہینہ ہے، اس ماہ سمندر کی مچھلیاں روزہ دار کیلئے دعائیں کرتی ہیں، قاضی خلیل احمد

ہفتہ 9 مئی 2020 12:48

بالاکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 مئی2020ء) مرکزی جامع مسجد سید احمد شہید کے خطیب حضرت قاضی خلیل احمد نے کہا ہے کہ رمضان المبارک کا مہینہ نزول قرآن کا مہینہ ہے، یہ الله تبارک تعالیٰ کی خاص رحمتوں اور برکتوں کا مہینہ ہے، یہ مہینہ صبر کرنے سمیت ایک دوسرے سے خیر خواہی کا مہینہ ہے، اس مہینہ میں ہم زیادہ سے زیادہ عبادات کر کے اپنے رب کو راضی کر سکتے ہیں، جنت میں داخل ہونے اور جہنم سے خلاصی کا مہینہ ہے، ماہ صیام ساری دنیا کے مسلمانوں کیلئے ذکر و فکر، تلاوت قرآن پاک و نوافل، صدقہ و خیرات گویا ہر قسم کی عبادت کا ایک موسم بہار ہے جس میں دنیا کا ہر مسلمان اپنے ایمان و تقویٰ کے مطابق حصہ ڈالتا ہے۔

(جاری ہے)

یہاں ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ حضرت محمدؐ کا ارشاد ہے کہ میری امت کو رمضان المبارک میں پانچ باتیں عطا کی گئی ہیں جو پہلے کسی بھی امت کو عطا نہیں ہوئیں جن میں سے ایک روزہ دار کے منہ کی بو الله تعالیٰ کو بہت زیادہ پسند ہے، روزہ دار کے منہ کی بو مشک کی خوشبو سے بھی زیادہ پسندیدہ ہے، رمضان میں تمام متکبر شیاطین قید کر دیئے جاتے ہیں، فرشتے روزہ دار کیلئے افطار تک دعائے مغفرت کرتے ہیں، رمضان میں ہر روز الله تعالیٰ جنت کو آراستہ کرتا ہے جبکہ سمندر کی مچھلیاں بھی روزہ دار کیلئے دعائیں کرتی ہیں۔

مانسہرہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں