ڈاکٹراسلم انصاری نے فارسی کلیات کے ذریعے اقبال کی روایت کو آگے بڑھایا، ڈاکٹر نجیبہ عارف کا گلبانگ آرزو کی تقریب رونمائی سے خطاب

ہفتہ 27 اپریل 2024 17:49

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 اپریل2024ء) نامور مصنفہ اور اکادمی ادبیات پاکستان کی صدر نشین ڈاکٹر نجیبہ عارف نے کہا ہے کہ ڈاکٹر اسلم انصاری نے فارسی کلیات کے ذریعے اپنی تہذیب کے ساتھ رشتہ استوار کیا ہے۔ وہ اس تہذیب کے وارث ہیں جس پر ہمیں فخر ہے۔ انہوں نے فارسی کلیات کے ذریعے اقبال کی روایت کو آگے بڑھایا۔ ان خیالات کااظہارانہوں نے اکادمی ادبیات پاکستان ملتان کے زیراہتمام فارسی کلیات ڈاکٹر اسلم انصاری”گلبانگ آرزو “کی تقریب رونمائی سے صدارتی خطاب کے دوران کیا۔

سیمینار ہال ریڈیو پاکستان ملتان میں منعقدہ اس تقریب کے مہمان خصوصی ڈاکٹر اسلم انصاری تھے ۔کلیدی خطبہ ڈاکٹر ارشد محمودناشاد نے پیش کیا۔ کتاب کے بارے میں اظہارخیال کرنے والوں میں ڈاکٹر مختارظفر،ڈاکٹر انوار احمد ، پروفیسر ڈاکٹر حمید رضا صدیقی اور شاکر حسین شاکر شامل تھے۔

(جاری ہے)

ڈاکٹرنجیبہ عارف نے کہاکہ اسلم انصاری نے مثنوی کی روایت کو آگے بڑھایا ہے ۔

فارسی میں دس ہزار اشعار کہنا کوئی آسان کام نہیں ہے۔ اسلم انصاری کا یہ کلام اکادمی ادبیات نے اس لیے شائع کیا کہ یہ ہمارے لیے اعزاز کی بات ہے۔ فارسی زبان ہماری تہذیب کاحصہ ہے۔ اسلم انصاری نے اپنی تہذیب اور اپنی جڑوں کے ساتھ رشتہ استوار کیاہے۔۔ڈاکٹر نجیبہ عارف نے مزید کہا کہ میں صدر نشین کے طورپر مرکز سے کسی مضافات میں نہیں آئی۔ میری اپنی جڑیں صحرائے تھل میں ہیں او ر میں جانتی ہوں کہ ایسے خطوں کے مسائل کیا ہوتے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ اکادمی ادبیات پاکستان محدود وسائل کے باوجود علمی و ادبی سرگرمیوں کا آگے بڑھارہی ہے۔ اکادمی ادبیات پاکستان کے ڈائریکٹر جنرل سلطان ناصر نے کہاکہ آج کا دن ہمارے لیے ایک بڑا دن ہے کہ ہم ڈاکٹر اسلم انصاری کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے ملتان آئے ہیں۔ ہم یہ تقریب اسلام آباد میں بھی کرسکتے تھے لیکن ہم ان کی پذیرائی کے لیے خود ملتان آئے ہیں۔

”گلبانگ آرزو“ کے مصنف ڈاکٹر اسلم انصاری نے کہاکہ اس مثنوی کی تکمیل میں مجھے چھ سال لگے۔ میں آج بھی مختلف موضوعات پرکام کررہا ہوں۔ میرے اندرکہنے کو بہت کچھ ہے اورمیری یہ خواہش ہے کہ جب تک مجھ میں سکت ہے میں شعر وادب کی خدمت جاری رکھوں۔ تقریب میں ملتان ،بہاولپور، ڈیرہ غازی خان ڈویژنوں سے نامورادیبوں، شاعروں اور دانشوروں نے شرکت کی۔

ملتان میں شائع ہونے والی مزید خبریں