ملتان میں پہلے ٹرین بوگی ریسٹورنٹ کا افتتاح

جمعہ 17 مئی 2024 23:07

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 مئی2024ء) ملتان میں ٹرین بوگی ریسٹورنٹ کا افتتاح کردیا گیا۔تفصیلات کے مطابق جمعہ کے روز ایڈیشنل چیف سیکرٹری جنوبی پنجاب فواد ہاشم ربانی نے گھنٹہ گھر چوک کے قریب قلعہ کہنہ قاسم باغ کے ایریا میں قائم کئے گئے ٹرین بوگی ریسٹورنٹ کا افتتاح کیا۔اس موقع پر سپیشل سیکرٹری ہاوسنگ جنوبی پنجاب رانا سلیم خان،ڈائریکٹر جنرل پی ایچ اے آصف روف خان اور دیگر بھی موجود تھے۔

اس دوران گفتگو کرتے ہوئے ایڈیشنل چیف سیکرٹری نے کہا کہ ٹرین بوگی ریسٹورنٹ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کی کاوشوں کا نتیجہ ہے،جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کی درخواست پر چیئرمین ریلوے نے4ریل بوگیاں فراہم کیں،2 ریل بوگیاں ملتان، ایک بہاولپور اور ایک ڈیرہ غازی خان پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی (پی ایچ اے) کے حوالے کی گئی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بہاولپور فرید گیٹ کے علاقہ میں ریل بوگی ریسٹورنٹ پہلے سے فعال ہے، ملتان میں بھی اب ریل بوگی ریسٹورنٹ آپریشنل ہو گیا ہے۔

فواد ہاشم ربانی نے کہا ٹرین بوگی ریسٹورنٹ کا مقصد شہریوں کو تفریح کے لئے خوبصورت جگہ فراہم کرنا ہے،شہری اپنی فیملیز کے ہمراہ ٹرین بوگی ریسٹورنٹ کا وزٹ کریں اور کھانا ، چائے،کافی انجوائے کریں۔انہوں نے مزید کہا کہ ٹرین بوگی ریسٹورنٹ کی تزئین و آرائش کنٹریکٹر نے کی ہے،پی ایچ اے کا کوئی پیسہ بھی خرچ نہیں ہوا،ٹرین بوگی ریسٹورنٹ کی لیز سے پی ایچ اے کی آمدنی میں اضافہ ہوگا۔

فواد ہاشم ربانی نے کہا کہ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ خطےکی تعمیرو ترقی کے ساتھ ساتھ عوام کو تفریح کے مواقع فراہم کرنے کےلئے بھی کردار ادا کرتا رہے گا،بہاولپور میں کشتی رانی کے مقابلے اور ملتان میں کلچرل اینڈ لٹریری فیسٹیول کا انعقاد اس کی واضح مثالیں ہیں۔ڈی جی پی ایچ اے نے کہا کہ ٹرین بوگی ریسٹورنٹ بی او ٹی کی بنیاد پر 5 سالہ لیز پر دیا گیا ہے،پی ایچ اے ٹرین بوگی ریسٹورنٹ کا ماہانہ ایک لاکھ70 ہزار روپے کرایہ وصول کرے گا، ہر سال کرایہ میں دس فیصد اضافہ کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ ملتان میں دوسرے ٹرین بوگی ریسٹورنٹ کے قیام کے لئے جگہ کا انتخاب جلد کر لیا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :

ملتان میں شائع ہونے والی مزید خبریں