بلوچستان میں غلط پالیسیوں کے باعث بد اعتماد ی کی فضاء پروان چڑھ رہی ہے،،نواب جنگیز خان مری

بدھ 25 مئی 2022 21:55

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 مئی2022ء) مری قبیلے کے سربراہ نواب جنگیزخان مری نے کہا ہے کہ بلوچستان میں غلط پالیسیوں کے باعث بد اعتماد ی کی فضائ پروان چڑھ رہی ہے اعتماد کے فقدان کا نقصان ملک کو ہوگا صوبے کی روایات کو مد نظر رکھتے ہوئے فیصلے کر نے سے بہتری لا ئی جاسکتی ہے ملک میں موجود لوگوں کے خدشات اور سنے اور انہیں دور کئے بغیر بیرون ملک بیٹھے لوگوں کو واپس لانا ممکن نہیں ہے، یہ بات انہوں نے اپنے ایک بیان میں کہی، نواب جنگیز مری نے کہا کہ ہمیں بلوچستان کی ترقی اور خوشحالی عزیز ہے مگر اس وقت جس قسم طریقہ کار کے تحت معاملات چلائے جارہے ہیں لیکن بلوچستان میں جس قسم کی پالیسیوں پر عملدآمد کیا جارہا ہے وہ کامیاب نہیں ہوسکتیں صوبے میں بد اعتماد کی فضائ دن بدن بڑھ رہی ہے جس سے ملک کو نقصان پہنچنے کا اندیشہ موجود ہے بلوچستان کے معاملات کو مس ہینڈل کیا جارہا ہے جس کے باعث حالات قابو سے باہر ہوتے جارہے ہیں انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے قبائلی نظام اور یہاں کی روایات کو مد نظر رکھتے ہوئے معاملات کو بہتر انداز میں چلایا جاسکتا ہے انہوں نے کہا کہ بلوچستان کو خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے تاکہ یہاں کے عوام کا اعتماد ایک با ر پھر سے بحال اور ہمیں ایک دوسرے پر بھروسہ کرنے کے ساتھ ساتھ حقیقی نمائندوں کو بھی ساتھ لیکر چلنے کی ضرورت ہے انہوں نے کہا کہ ناراض بلوچوں کو لانے کے دعوے کئے جارہے ہیں لیکن جو ملک کے ساتھ کھڑے اور یہاں موجود ہیں انہیں یکسر طور پر نظر انداز کر کے ایسے لوگوں کو عوام کا نمائندہ ظاہر کیا جارہا ہے جنکا حقیقی طور پر عوام سے کوئی تعلق نہیں اور وہ عوام کے نام پر اپنے ذاتی اور گروہی مفادات حاصل کرنے میں مصروف عمل ہیں نواب جنگیز مری نے کہا کہ بلوچستان میں کئے جانے والے تجربوں کی بنیاد پر ملک کے ساتھ کھڑے لوگوں نے اپنے آپ کو کنارہ کش کر لیا ہے تجربے کی بنیاد پر جن لوگوں کو استعمال کیا گیا اس کے نتائج سب کے سامنے آچکے ہیں ایسے لوگ صوبے میں طویل المدتی اور دیر پا نتائج نہیں دے سکتے بلکہ انکی وجہ سے حالات میں مزید بگاڑ پیدا ہوا ہے انہوں نے کہا کہ کاہان کی آبادکاری کے نام پر جو کچھ ہو رہا ہے ہم اس سے غافل نہیں ہیں ہماری اولین ترجیح علاقے کا امن اور خوشحالی ہے مگر جس طرح کے اقدامات اٹھا ئے جارہے ہیں ان سے علاقے کی صورتحال بہتر ہونے کی بجائے مزید خراب ہوگی اور لوگوں میں اعتماد کا فقدان پیدا ہوگا جس سے کل کو کوئی بھی حقیقی نمائندہ بھی کوئی اقدام کرنا چاہے گا تو لوگ اس پر اعتماد نہیں کریں گے۔

متعلقہ عنوان :

مری میں شائع ہونے والی مزید خبریں