کشیدہ حالات کے باعث مقبوضہ کشمیر کے تاجروں کا آئندہ ہفتے سری نگر مظفر آباد میں تجارت نہ کرنے کا اعلان

ہفتہ 17 جولائی 2010 18:54

ہٹیاں بالا (اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔17جولائی۔2010ء) مقبوضہ کشمیر میں گزشتہ کئی ہفتوں سے جاری کرفیو اور کشیدہ حالات کے باعث مقبوضہ جموں و کشمیر کے تاجروں کا آئندہ ہفتے احتجاجاً سری نگر مظفر آباد میں تجارت نہ کرنے کا اعلان کردیا ۔ تفصیلات کے مطابق بھارتی قابض افواج کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں جاری کرفیو اور ظلم و ستم کے باعث مقبوضہ وادی کے تاجروں نے اعلان کیا ہے کہ وہ آئندہ ہفتے سری نگر مظفر آباد تجارت سے احتجاجاً لاتعلق رہیں گے جس کے بعد ٹی اینڈ ٹی آزاد کشمیر کے ڈی جی بریگیڈیئر (ر) محمد اسماعیل نے 20 اور 21 جولائی کے ٹریڈ کو ملتوی کردیا ہے ۔

تجارتی ذرائع کے مطابق اس وقت اربوں روپے مالیت کا سامان مقبوضہ کشمیر کے تاجروں نے سٹوروں میں جمع کررکھا ہے دونوں اطراف کے تاجروں کے کروڑوں روپے کشیدہ حالات کے باعث دونوں اطراف میں پھنسے ہوئے ہیں ۔

(جاری ہے)

ٹی ایف او چکوٹھی کراسنگ پوائنٹ میر بشیر احمد نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ رواں ہفتے سری نگر مظفر آباد تجارت یوم شہداء کشمیر کے باعث ملتوی کی گئی تھی آنے والے ہفتے میں ہم تجارت کیلئے بالکل تیار تھے لیکن مقبوضہ کشمیر کی انتظامیہ نے تجارت کرنے سے انکار کردیا ہے ہم اور ہمارے تاجر بھی تجارت کرنے کیلئے تیار ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ اب مقبوضہ کشمیر میں حالات معمول پر آنے کی صورت میں 27 اور 28 جولائی کو سری نگر مظفر آباد تجارت ہوگی ۔

متعلقہ عنوان :

مظفر آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں