چیئر مین پبلک اکائونٹس کمیٹی کی آزاد کشمیر سمال انڈسٹریز کارپوریشن کے حکام کو رُولز بنانے کی ہدایت

منگل 18 فروری 2020 23:51

مظفر آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 فروری2020ء) چیئر مین پبلک اکائونٹس کمیٹی عبدالرشید ترابی نے آزاد کشمیر سمال انڈسٹریز کارپوریشن کے حکام کو سب سے پہلے رُولز بنانے کی ہدایت کی ہے۔ منگل کے روز متذکرہ کارپوریشن کے ریکارڈ کی جانچ پڑتال کے دوران ممبران کمیٹی سردار عامر الطاف خان، ملک محمد نواز خان، عبدالماجد خان سمیت متعلقہ محکمہ جات کے حکام نے شرکت کی۔

سیکرٹری اسمبلی چوہدری بشارت حسین نے سیکرٹری کمیٹی کے فرائض سر انجام دیئے ۔خواجہ احسن نے بطور پرنسپل اکائونٹنگ آفیسر شمولیت کی۔ سردار جاوید ایوب منیجنگ ڈائریکٹر نے بریفنگ کے دوران بتایا کہ سمال انڈسٹریز کارپوریشن کا قیام 1990ء میں عمل میں آیا۔ کارپوریشن کے مشن میںسمال اورکاٹیج انڈسٹری کو پروموٹ کرنا ہے۔

(جاری ہے)

انکم کی تفصیل بتاتے ہوئے اُنہوں نے بتایا کہ گرانٹ ان ایڈ15.000ملین،2018-19کے دوران بچت2.776ملین روپے ، عمارات کا کرایہ0.480ملین ، سروسز چارجز منافع ہینڈی کرافٹس شاپس1.300ملین، بینکس اور اخوت اکائونٹس سے انکم 17.142 ملین اسطرح کُل انکم36.740ملین روپے ہے۔

اخراجات کے حوالے سے اُنہوں نے بتایا کہ36.405ملین روپے ہیں۔کارپوریشن کے زیر اہتمام تربیت یافتگان کے حوالے سے بتایا کہ ووڈ کاروونگ ٹرینیز474، کارپیٹ ویونگ482،نمڈا، گھبا اور چین سٹچ78،پیپیئر ماشی40، شال بافی و ایمبرائیڈری548،لوئی پٹو310، زری ایمبرائیڈری211۔موجودہ تربیتی مراکز کی تفصیل بتاتے ہوئے بتایا کہ ووڈ کاروونگ ٹریننگ سنٹر لیپہ، لوئی پٹو ٹریننگ سنٹر لیپہ، ووڈ کاروونگ ٹریننگ سنٹر کیل، لوئی پٹو ٹریننگ سنٹر کیل، زری ایمبرائیڈری سنٹر جاتلاں ہیں۔

کمیٹی نے توقع کا اظہار کیا کہ ثقافت کی ترویج کے ساتھ ساتھ بے روزگاری پر قابو پانے کے لیے بھی سمال انڈسٹریز کارپوریشن معاون ثابت ہو سکتی ہے ۔پبلک اکائونٹس کمیٹی نے سابق ہدایات کی روشنی میں کارپوریشن کی جانب سے ریکوری کے عمل کو سراہتے ہوئے مزید تیزی لانے کی ہدایت کی۔کمیٹی آج عباس انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز کے ریکارڈ کی جانچ پڑتال کرے گی۔

مظفر آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں