فوری طور پر محتسب اعلیٰ آزاد جموں و کشمیر کی تعیناتی کی جائے،نائب امیر جماعت اسلامی

کسی جج یا اعلیٰ بیوروکریٹ کو تعینات کیا جائے اور ادارہ کی حذف شدہ دفعات کو بحال کیا جائے،شیخ عقیل الرحمن

بدھ 22 مئی 2024 16:06

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 مئی2024ء) جماعت اسلامی آزاد جموں و کشمیر کے نائب امیر شیخ عقیل الرحمن نے حکومت آزاد کشمیرسے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر محتسب اعلیٰ آزاد جموں و کشمیر کی تعیناتی کی جائے ۔ کسی جج یا اعلیٰ بیوروکریٹ کو تعینات کیا جائے اور ادارہ کی حذف شدہ دفعات کو بحال کیا جائے۔ اس ادارہ کو ختم کرنے کا مقصد عام آدمی کو جو مفت انصاف مل رہا ہے اس سے محروم کرنا ہے اور 85کے قریب ملازمین جن کی 30سال سے زائد سروس ہو چکی ہے ان کو بیروز گار کرنا ہے۔

ہزاروں شکایات جو محتسب اعلیٰ کی تعیناتی نہ ہونے کی وجہ سے زیر التواء ہیں ان کو انصاف نہ دینا انتہائی زیادتی اور نا انصافی کے مترادف ہے۔ لاکھوں کروڑوں روپے کا غلط استعمال ہو رہا ہے حکومت اس پر توجہ دینے کے بجائے مفت انصاف فراہم کرنے والے ادارہ جو حکومتی نیک نامی کا باعث ہے کو ختم کرنے کے درپے ہے۔

(جاری ہے)

انہوںں نے واضح کیا ہے کہ جلد سول سوسائٹی اور آل پارٹیز کانفرنس بلا کر حکومت کی طرف سے غیر قانونی طور پر لوگوں کو بیروزگار کرنے کے اقدامات کے متعلق حکمت عملی طے کی جائے گی ۔

انہوں نے مختلف سماجی تنظیموں کے نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اپنا کام جاری رکھیں ہم ایسے کسی حکومتی فیصلہ پر عملدرآمد نہیں ہونے دیں گے جو قومی مفاد کے خلاف ہو اور ریاستی تشخص کو ختم کرنے کے مترادف ہو۔

مظفر آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں