آزاد کشمیر کو سیاحو ں کی جنت بنائیں گے‘ سیاحت کو ریاست کا سب سے بڑا ریونیو جنریشن ڈیپارٹمنٹ بنایا جا ئیگا‘سیکرٹری سیاحت

آزاد کشمیر میں سیاحوں کیلئے بے پناہ کیمپس کی جگہیں موجود ہیں‘سیاحوں کو سہولیات فراہم کر کے انہیں سیاحت کیلئے راغب کیا جا سکتا ہے‘منصور قادر ڈار

پیر 27 فروری 2017 13:46

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 فروری2017ء)آزاد جموں وکشمیر سیکرٹری سیاحت منصور قادر ڈار نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر کو سیاحو ں کی جنت بنائیں گے۔ سیاحت کو ریاست کا سب سے بڑا ریونیو جنریشن ڈیپارٹمنٹ بنایا جا ئیگا۔ آزاد کشمیر میں سیاحوں کیلئے بے پناہ کیمپس کی جگہیں موجود ہیں ۔سیاحوں کو سہولیات فراہم کر کے انہیں سیاحت کیلئے راغب کیا جا سکتا ہے۔

وزیر اعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف کے آزاد خطہ میں ترقی کے ویژن ،وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان اور وزیر سیاحت مشتاق منہاس کے ترقی کے خواب کو عملی تعبیر دینے کیلئے جامع اقدامات اٹھائیں گے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز مظفرآباد سے ہٹیاں بالا تک نکالی گئی جیپ ریلی کے اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

تقریب میں ڈائریکٹر سیاحت ارشاد پیرزادہ ، ڈپٹی ڈائریکٹر اطلاعات محمد بشیر مرزا اور فہد مصطفی نے بھی شرکت کی جبکہ اس موقع پر سینکڑوں افراد بھی موجود تھے ۔ سیکرٹری سیاحت نے اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ آزاد کشمیر میں سیاحتی راہداری منصوبہ سے سیاحوں کو یہاں سہولیات فراہم کریں گے جس سے ریاست کی معیشت مستحکم ہوگی اور محکمہ سیاحت ایک بڑا ریونیو جنریشن محکمہ کے طور پر سامنے آئیگا۔

انہوں نے کہا کہ سی پیک سے جہاں آزاد کشمیر میں روڈ انفراسٹریکچراور صنعتی ترقی ہوگی وہاں سیاحت کو بھی فروغ حاصل ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان کی قیادت میں سیاحت کو ترقی دینے کیلئے بھرپور اقدامات کیے جا رہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ سیاحت کے فروغ کیلئے سیمینار ز اور آگاہی مہم شروع کی جائیں گی تا کہ ملکی اور بین الاقوامی سطح پر سیاحو ں کو آزاد کشمیر کے بارہ میں معلومات حاصل ہوسکیں ۔

سیکرٹری سیاحت نے سنو کراس جیپ ریلی کو مصطفی قریشی (مرحوم) سابق ڈائریکٹر جنرل لوکل گورنمنٹ کے نام سے موسوم کرتے ہوئے کہا کہا کہ سیاحت کے فروغ کیلئے لوگوں کی آگاہی کیلئے بہترین منصوبہ بندی سے پروگرام تشکیل دیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ مظفرآباد جیپ کلب نے ریاست کا نام ملک پاکستان اور بین الاقوامی سطح پر سیاحتی ترقی کیلئے اجاگر کرنے میں نمایاں کردارادا کیا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ آزاد خطہ میں وزیر اعظم پاکستان کے اعلان کے مطابق اور وزیرا عظم آزاد کشمیر کی کوشش سے تقریباً8ارب روپے لاگت سے سیاحتی رہداری کیلئے ماہرین کی خدمات حاصل کی جارہی ہیں جس پر اگلے چند ماہ کام شروع ہو جائیگاجس سے آزاد خطہ ترقی کی منازل طے کرے گا اور نوجوانوں کوروزگارکے مواقع ملیں گے ۔ اس موقع پر سیکرٹری سیاحت،ڈائریکٹر سیاحت ارشاد پیرزادہ اور ڈپٹی ڈائریکٹر اطلاعات محمد بشیر مرزا نے شرکاء ریلی میں اعلیٰ کارکردگی سرٹیفکیٹس بھی تقسیم کیے ۔

مظفر آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں