مزدور کسی بھی ملک کی معیشت اور ترقی میں اہم کردار ادا کرتے ہیں، مشیرحکومت نثارہ عباسی

منگل 30 اپریل 2024 21:55

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 اپریل2024ء) مشیر حکومت نثارہ عباسی نے عالمی یوم مزدور کے موقع پرکہا ہے کہ مزدور کسی بھی ملک کی معیشت اور ترقی میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ یہ ایک ایسی قوت ہے جس کی بدولت زندگی کا کاروبار چلتا ہے۔ مزدوروں کا عالمی دن منانے کا مقصد محنت کش مزدوروں کو درپیش مسائل کو ہنگامی بنیادوں پر حل کرنے کے لیے ٹھوس اقدامات اٹھانا ہے۔

مگر یہ بات شاید تپتی دھوپ میں اپنے بچوں کے لیے دو وقت کی روٹی کمانے والے مزدور کو نہیں پتہ کہ دنیا ان ہی کا عالمی دن منا رہی ہے۔ جو قومیں محنت کرتی ہیں اور چھوٹے سے چھو ٹا کام کرنے میں عار محسوس نہیں کرتیں کامیابی ان کے قدم چومتی ہے اور ملک ترقی و خوشحالی کی طرف گامزن رہتا ہے۔ اس تعمیر و ترقی میں سب سے اہم کردار اس قوم کے مزدوروں کا ہوتا ہے اس لیے مزدور کو قوم کا معمار کہا گیا ہے۔

(جاری ہے)

کیونکہ مزدور ہی کسی قوم کو بنانے یا گرانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ قوم کے معماروں سے اچھی تعمیر کے لیے انہیں زیادہ سے زیادہ سہولیات دینی چایئے اور ان کا بہت خیال رکھنا چاہیے مزدور کی محنت کے مطابق پوری اجرت پسینہ خشک ہونے سے پہلے دینی چاہیے۔اس بات پر ہمارے پیارے نبی حضرت محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے بھی بار بار بتلایا ہے کہ مزدور کو ان کے پسینہ خشک ہونے سے قبل اجرت دو۔

ویسے تو ہر دن مزدور کا ہی دن ہوتا ہے کیونکہ وہ ملک و قوم کی ترقی کے لیے دن رات کوشاں رہتا ہے لیکن ایک خاص دن بھی اس کے لیے مختص کیا گیا ہے جیسا کہ یکم مئی کو یوم مزدور (لیبر ڈے)کا دن رکھا گیا ہے۔ اس دن کا خاص مقصد لوگوں کو مزدور کی قدر و قیمت کے بارے میں آگاہ کرنا ہوتا ہے اور انہیں یہ باور کروانا ہوتا ہے کہ مزدور کسی بھی قوم میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے۔

متعلقہ عنوان :

مظفر آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں