نیشنل انسٹیٹیوٹ آف مینجمنٹ کے 35ویں سینئر مینجمنٹ کورس کے وفد کا ایم پی آرسی مظفرآباد کا دورہ

بدھ 22 مئی 2024 21:20

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 مئی2024ء) نیشنل انسٹیٹیوٹ آف مینجمنٹ کے 35ویں سینئر مینجمنٹ کورس کے وفدنے مرکز برائے بحالی جسمانی اعضاء مظفرآباد فزیکل ری ہیبلٹیشن سینٹر (ایم پی آرسی)مظفرآباد کا دورہ کیا ۔ ڈائریکٹر ایم پی آر سی ڈاکٹر احمد جنید نے مرکز برائے بحالی جسمانی اعضاء مظفرآباد کے حوالہ سے وفد کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ یہ ادارہ انٹرنیشنل کمیٹی آف ریڈ کراس کی جانب سے2006ء میں زلزلہ میں معذور ہونیو الے افراد کے لیے بنایا گیا تھا جو 2014ء میں محکمہ صحت آزادکشمیر کے حوالے کیا گیا۔

اس میں 80بیڈز پر مشتمل مرد اور خواتین کے لیے الگ الگ وارڈز ہیں جس میں آزادکشمیر کے علاوہ پاکستان کے دیگر صوبوں سے آنے والوں کا مفت علاج کیا جاتا ہے ۔

(جاری ہے)

اس ادارہ کا مقصد لوگوں کی جسمانی اعضاء کی معذوری کو دور کرنا ہے ۔ ہسپتال میں ابھی تک 22ہزار سے زائد مریضوں کا علاج کیا جا چکا ہے اور یہاں مریض اور اس کے ساتھ اٹینڈنٹ کوٹریننگ بھی دی جاتی ہے ۔

اس ہسپتال سے صحت یاب ہونے والے افراد میں بارودی سرنگوں ، قدرتی آفات ، لائن آف کنٹرول کے قریبی علاقوں میں کھلونہ بم اور دیگر حادثات کے باعث جسمانی طور پر معذور ہونے والے لوگ شامل ہیں جن کا علاج کرنے ، انہیں مصنوعی اعضاء مفت فراہم کرنے کے علاوہ انہیں ان عضاء کے ساتھ زندگی گزارنے کی بنیادی تربیت بھی فراہم کی جاتی ہے ۔ ابھی تک ادارہ کی جانب سے آزادکشمیر ، خیبر پختونخوا اور پنجاب کے 11ہزار سے زائد مریضوں کو مصنوعی اعضاء لگا ئے گئے ہیں ۔

انہوں نے بتایا کہ ادارے کو معذور افراد کے لیے پہلی کیریئر ڈویلپمنٹ ورکشاپ کروانے کا اعزاز بھی حاصل ہے ۔ ڈائریکٹر ایم پی آر سی نے وفد کے ممبران کو ادارہ کے مختلف حصوں کا معائنہ کروایا۔ اس موقع پر ڈائریکٹر ایم پی آر سی ڈاکٹر احمد جنید کو وفدکی سربراہ شمائلہ زبیر احمد نے نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف مینجمنٹ کی جانب سے شیلڈ پیش کی ۔

مظفر آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں