اسلام آباد اور مظفرآباد کشمیر کی آزادی کے لیے اپنا مطلوبہ کردار ادا کرتا تو آج کشمیری آزاد فضاؤں میں سانس لے رہے ہوتے،لیاقت بلوچ

منگل 16 جون 2015 13:20

باغ (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 16 جون۔2015ء) جماعت اسلامی پاکستان کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر کے امیر عبدالرشید ترابی کے ہمراہ صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد اور مظفرآباد کشمیر کی آزادی کے لیے اپنا مطلوبہ کردار ادا کرتا تو آج کشمیری آزاد فضاؤں میں سانس لے رہے ہوتے،آپ ایسے افراد کو مینڈیٹ دے کر مظفرآباد بھیجتے ہیں جو اسلام آباد کے کلرک کے ماتحت ہوتے ہیں،عبدالرشید ترابی جیسے لیڈر کو مینڈیٹ دیں جن کو دنیا جانتی ہے جو آپ کے تشخص کو بحال کرے،کشمیر اور پاکستان میں حقیقی تبدیلی صرف جماعت اسلامی ہی لا سکتی ہے جب تک اسلام آباد اور مظفرآباد میں جماعت اسلامی اقتدار میں نہیں ہو گی نہ مسئلہ کشمیر حل ہو گا اور نہ ہی عوامی مسائل حل ہونے کی توقع کی جا سکتی ہے شہداء کے مشن کا تقاضا ہے کہ پاکستان اور آزاد کشمیر میں عوام جماعت اسلامی کا ساتھ دیں جو تبدیلی کا ایجنڈا لے کر میدان میں نکلی ہے،آخری بھارتی فوجی کی کشمیر میں موجودگی تک ہم کشمیریوں کے شانہ بشانہ رہیں گے،بنگلہ دیش میں ذوالفقار علی بھٹو،اندرا گاندھی اور مجیب الرحمان کے درمیان معاہدہ ہے کہ جنگی مسائل کے حوالے سے کوئی ٹرائل نہیں ہو گا حکومت پاکستان اس مسئلے کو اقوام متحدہ میں اٹھائے بنگلہ دیش بھارت کی ایما پر پاکستان سے محبت کرنے والوں کو پھانسیوں پر چڑھا رہا ہے ،دریں اثناء لیاقت بلوچ نے جماعت اسلامی باغ کی طرف سے استقبالیہ تقریب سے خطاب کیا،

اس موقع پر امیر جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر عبدالرشید ترابی،مولانا عطاء اللہ شاہ،طاہر عباسی،اشرف طاہر،افراز گردیزی،تنویر انور خان سمیت دیگر قائدین نے خطاب کیا،استقبالیہ تقریب اورصحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے لیاقت بلوچ نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان پائیدار اور دیر پا امن کے قیام کے لیے ضروری ہے کہ مسئلہ کشمیر حل ہو مسئلہ کشمیر حل نہ ہوا تو دونوں ایٹمی طاقتوں کے درمیان چوتھی عالمگیر جنگ ہو سکتی ہے ،پاکستان اور بھارت کے درمیان ایٹمی جنگ نہ صرف جنوبی ایشیا کو متاثر کرے گی بلکہ اس سے پوری دنیا متاثر ہو گی پاکستان اور بھارت کے درمیان ایٹمی جنگ کو روکنے کے لیے ضروری ہے کہ مسئلہ کشمیر کو حل کیا جائے ،ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ بنگلہ دیش کی حکومت معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے اس وقت جب ملک ٹوٹا نہیں تھا ملک سے وفاداری کرنے والوں کو پھانسیوں کو چڑھا رہی ہے ،حکومت پاکستان اس مسئلے کو اقوام متحدہ میں اٹھائے انہوں نے کہا کہ آمدہ انتخابات میں اہل کشمیر جماعت اسلامی کی قیادت کو منتخب کریں تا کہ وہ مسائل بھی حل کرے آپ کے تشخص کو بھی بحال کرے اور تحریک آزادی کشمیر کو منطقی انجام تک پہنچائے مقبوضہ کشمیر کے بھائیوں نے اپنے حصے کا کام کر دیا ہے اور کر رہے ہیں ان کی اس تحریک کو منزل تک پہنچانا مظفرآباد اور اسلام آباد کی ذمہ داری ہے مگر یہاں سے مطلوبہ کردار ادا نہیں ہو رہا ہے اس موقع پر امیر جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر عبدالرشید ترابی نے جماعت اسلامی پاکستان کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ کا باغ آمد پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ جماعت اسلامی پاکستان کشمیریوں کی حقیقی پشتیبا ن ہے تحریک آزادی کشمیر ہو یا آزاد کشمیر میں کوئی آفت آئے تو جماعت اسلامی سب سے پہلے یہاں کے عوام کی خدمت اور مدد کے لیے پہنچتی ہے انہوں نے کہا کہ تحریک آزادی کشمیر جب سے شروع ہوئی ہے تب سے لے کر آج تک جماعت اسلامی پاکستان بھرپور پشتیبانی کا حق ادا کررہی ہے جس پر اہل کشمیر ان کا شکریہ ادا کرتے ہیں ۔

متعلقہ عنوان :

مظفر آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں