یونیورسٹی آف اوکاڑہ میں شعبہ ابلاغیات کے اساتذہ کی تین روزہ ورکشاپ آغاز

منگل 15 اگست 2023 15:17

اوکاڑہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اگست2023ء) یونیورسٹی آف اوکاڑہ میں شعبہ ابلاغیات کے اساتذہ کی تین روزہ ورکشاپ آغاز کر دیا گیا۔تفصیلات کے مطابق یونیورسٹی آف اوکاڑہ کے شعبہ ابلاغیات اور گجرات یونیورسٹی کے سنٹر آف میڈیا اینڈ کمیونیکیشن سٹڈیز کے مابین مفاہمت کی ایک یاداشت پر دستخط ہوئے ، اس معاہدے کے تحت دونوں ادارے ’’یو ایس پاکستان یونیورسٹی پارٹنرشپ گرانٹس پروگرام‘‘ کے تحت اساتذہ کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کو نکھارنے کےلیے تربیتی ورکشاپس کا انعقاد کریں گے، پہلے مرحلے کا آغاز یونیورسٹی آف اوکاڑہ میں ہو چکا ہے۔

ورکشاپ کے دوران ٹرینرز شعبہ ابلاغیات کے اساتذہ کوجدید تدریس کے مختلف پہلوئوں پہ لیکچرز دیں گے، تدریس میں جدید ٹیکنالوجی کے استعمال اور تحقیق کے نئے رجحانات پہ سیر حاصل بحث کی جائے گی۔

(جاری ہے)

ورکشاپ کے پہلے دن ڈاکٹر سویرا شامی نے ڈیجیٹل میڈیا جبکہ ڈاکٹر عائشہ اشفاق نے تحقیق کے طریقہ ہائے کار پر لیکچرز دیے۔ ورکشاپ کے افتتاحی سیشن سے اوکاڑہ یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹرمحمد واجد، شعبہ ابلاغیات کے سربراہ ڈاکٹر زاہد بلال اور گجرات یونیورسٹی کے ڈین پروفیسر ڈاکٹر زاہد یوسف نے خطاب کیا۔

اس موقع پر وائس چانسلر کا کہنا تھا کہ اساتذہ کو تدریس کے جدید طریقوں سے آراستہ کرنا ہماری اولین ترجیح ہے تاکہ ہم قابل اور پیشہ وارانہ تربیت کے حامل طلباء تیار کر سکیں۔ ڈاکٹر زاہد بلال نے کہا کہ ابلاغیات کے شعبہ میں پچھلے چند سالوں کے دوران بہت سی جدتیں آ چکی ہیں، اس ورکشاپ کے ذریعے ہم اپنے اساتذہ کو ان نئے رجحانات سے روشناس کرائیں گے۔

ڈاکٹر زاہد یوسف نے بتایا کہ اس معاہدے کا مقصد بین الاقوامی سطح پر سوشل سائنسز سے منسلک اساتذہ کا ایک نیٹ ورک بنانا ہے تاکہ وہ ایک دوسرے کی صلاحیتوں سے مستفید ہو سکیں۔اس تین روزہ ورکشاپ کے ٹرینرز میں گجرات یونیورسٹی کے ڈین آف فیکلٹی آف آرٹس پروفیسر ڈاکٹر زاہد یوسف، پنجاب یونیورسٹی کے شعبہ ڈیجیٹل میڈیا کی سربراہ پروفیسر ڈاکٹر سویرا شامی اور شعبہ ڈویلپمنٹ کمیونیکیشن کی سربراہ ڈاکٹر عائشہ اشفاق سمیت گجرات یونیورسٹی کے ڈاکٹر ارشاد علی، عائشہ کمال اور شہزاد احمد شامل ہیں۔

اوکاڑہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں