یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈٹیکنالوجی پشاورمیں یوتھ روبو ٹیک 24 '' کے میگا ایونٹ کا انعقاد

ہفتہ 20 اپریل 2024 18:43

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 اپریل2024ء) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے صنعت وحرفت اور فنی تعلیم عبدالکریم تورڈھیر نے یونیورسٹی آف انجینئر نگ اینڈ ٹیکنا لو جی پشاور میں تین روزہ ''یوتھ روبو ٹیک 24 ''کے نام سے ملکی سطح کے میگا ایونٹ کا باقاعدہ افتتاح کیا۔ افتتاحی تقریب گزشتہ روز انجینئرنگ یونیورسٹی کے شعبہ میکاٹرانکس انجینئرنگ حیات آباد میں منعقد ہوئی جسکا انعقادنیشنل سنٹر آف روبوٹکس اینڈ آٹومیشن یوای ٹی پشاور کے زیر اہتمام ہوا جس میں پاکستان بھر کے تعلیمی اداروں بشمول کامسیٹس(COMSATS)، ایئر یونیورسٹی،غلام اسحاق خان انسٹی ٹیوٹ آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی(GIKI)،یوای ٹی ٹیکسلا، ہائیٹیک( HITECH) یونیورسٹی، ہزارہ یونیورسٹی اور دیگرکئی تعلیمی اداروں سے پانچ سو سے زائد شرکاء نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

تین روزہ ایونٹ میں مختلف مقابلے اور تفریحی سرگرمیاں ہوں گی اور خیبر پختونخواکے نئے ضم شدہ اضلاع کے طلباء کے لیے مفت رجسٹریشن کے ساتھ STEM ورکشاپ بھی ہو گی۔ ''یوتھ روبو ٹیک24 ''ڈائریکٹوریٹ آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی (DOST) خیبر پختونخوا،ڈائر یکٹر یٹ یوتھ افیئر خیبر پختونخوا، بینک آف خیبر، UBL اورStorm Fiber Ltd کے مشترکہ تعاون سے منعقد کیا جا رہا ہے۔

روبوٹک ایونٹ کی افتتاحی تقریب سے وزیر اعلیٰ کے معاون خصوصی عبدالکریم تورڈھرنے بطور مہمان خصوصی اپنے خطاب میں گزشتہ تین سالوں سے یوتھ روبو ٹیک ایونٹ کے انعقاد پر یوای ٹی پشاور کی کاوشوں کو سراہا۔انہوں نے نوجوانوں کو ان کے تخلیقی خیالات کو عملی جامہ پہنانے کے لیے حکومت کی جانب سے تعاون کی یقین دہا نی کرائی اور حکومتی سطح پر اسٹارٹ اپس کے لئے دئیے جانے والے قرضوں اور گرانٹس کے بارے میں بھی آگاہی دی۔

انہوں نے طلباء پر زور دیا کہ وہ کاروباری صلاحیتوں کو فروغ دیں اور انہیں یقین دلایا کہ حکومت یونیورسٹیوں کے ساتھ مشترکہ تعاون سے تربیت اور سرٹیفیکیشن کورسز کا بھی آغاز کرے گی۔تقریب سے چیئرمین ڈیپارٹمنٹ آف میکیٹرونکس انجینئرنگ پروفیسر ڈاکٹر طاہر خان نے کہا کہ تین روزہ ایونٹ میں adrenaline-fueled Robowar اورMini Robo War سے لے کر اسٹریٹجک سومو ریسل اور سنسنی خیز آف روڈ آر سی ریسنگ تک کئی دلچسپ سرگرمیاں اور مقابلے شامل ہیں۔

اس طرح ایونٹ کے شرکاء LFRs، Robo Futsal اور مزید کئی مقابلوں میں اپنی صلاحیتوں کا مظا ہرہ کریں گے۔اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل DOSTڈاکٹر تازہ گل، پروفیسر ڈاکٹر افتخار حسین سابقہ وائس چانسلریوای ٹی پشاور، پروفیسر ڈاکٹر مصباح اللہ ٹریثرریو ای ٹی پشاور، فیکلٹی ممبران اور سرکاری افسران کی بڑی تعداد بھی اس موقع پر موجود تھی۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں