ضلعی حکومت کا بٹہ تل بازار سربند میں تجاوزات کیخلاف آپریشن، سینکڑوں دکانیں، چھجے، تھڑے، شٹراور کیبن مسمار

جمعرات 24 جنوری 2019 15:30

پشاور ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 جنوری2019ء) پشاور کی ضلعی حکومت نے بٹہ تل بازار سربند میں تجاوزات کیخلاف گرینڈ آپریشن کرکے سینکڑوں کی دکانیں، چھجے، تھڑے، شٹراور کیبن مسمار کرکے باڑہ روڈ بٹہ تل بازار میں ٹریفک مسائل حل کردی ہیں اور سڑک کے دونوں اطراف کو ٹریفک کیلئے کھول دیا گیا۔ تجاوزات آپریشن کی نگرانی ضلع ناظم پشاور محمد عاصم خان نے کی جبکہ ڈپٹی کمشنر پشاور ڈاکٹر عمران حامد کی ہدایت پرایڈیشنل ڈپٹی کمشنر شاہدعلی خان بھی موجودتھے۔

بھاری مشینری سے سڑک کے حدود میں قائم سینکڑوں دکانیں، کیبن، تھڑے، چھجے اور تجاوزات مسمار کرکے سڑک کو عام ٹریفک کے لئے کھول دیاگیا۔ تجاوزات کیخلاف آپریشن کے دوران پولیس کی بھاری نفری تعینات رہی۔ اہلیان علاقہ نے خوشی کا اظہارکرتے ہوئے کہاکہ تجاوزات بھرمار کی وجہ سے بٹہ تل بازارمیں آئے روز ٹریفک جام ہوتی تھی جس کی وجہ سے مریضوں کو ہسپتال ، لوگوں کو آمدورفت اور طلبہ کو سکولز وکالجز جانے میں دشواری کا سامنا کرناپڑتاتھا جبکہ نالیوں پر قائم تجاوزات کے باعث نکاسی آب کے مسائل بھی پیدا ہوگئے تھے اور تجاوزات کیخلاف آپریشن سے ٹریفک مسائل حل ہوگئے ہیں جبکہ باڑہ، شیخان، سربند اور ملحقہ علاقوں کے مکینوں کو بٹہ تل بازار سے آمدورفت میں مشکلات کم ہوجائینگے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے ضلع ناظم پشاور محمد عاصم خان نے کہاکہ علاقہ مکینوں کے باربارشکایت پر ایک ہفتہ قبل تجاوزات مافیا کو نوٹسسز جاری کردی تھی لیکن اس کے باوجود سڑک کی حدود میں دکانیں، کیبن، شٹر، چھبے اور تجاوزات ختم نہیں کی جس کی وجہ سے ہیوی مشینری سے آپریشن کرکے تجاوزات آپریشن مکمل کردی ہے تاکہ ٹریفک مسائل کے ساتھ بازار کے نکاسی آب کے مسائل بھی حل کیا جاسکے۔

انہوں نے کہاکہ تجاوزات کی بھرمار سے بٹہ تل بازار میں گھنٹوں گھنٹوں ٹریفک جام روز کا معمول بن چکاتھا جس کے باعث مریضوں کو ہسپتال لے جانے اور طلبہ کو سکولز وکالجز جانے دشواری کا سامنا کرنا پڑتاہے اور سڑک پر گاڑیوں کی لمبی لمبی قطاریں لگ جانے سے لوگوں کی زندگی اجیرن بن گئی تھی۔ ضلع ناظم محمد عاصم خان نے کہاکہ شہر بھر کے ان علاقوں میں جہاں پر تجاوزات کے باعث ٹریفک کے مسائل پیداہورہے ہیں وہاں پر بھی بھرپورآپریشن کیاجائے گا اوراس مقصد کے لئے تمام ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنرز کو اپنے اپنے علاقے کے سروے کرنے اور رپورٹ دینے کی ہدایت جاری کردی گئی ہیں تاکہ آپریشن سے قبل تجاوزات مافیا کو نوٹسسز کیا جاسکے جس کے بعد بھرپور آپریشن کرکے تجاوزات ختم کرینگے۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں