سعودی عرب میں مقیم پختونوں کے مسائل سعودی وفد کے سامنے نہ رکھنا زیادتی ہوگی، سردار حسین بابک

سالانہ لاکھوں ڈالر زر مبادلہ بھیجنے والے خود اقامے سمیت بیشتر مسائل کا سامنا کر رہے ہیں، سعودی کفیل لاکھوں مزدوروں کا استحصال کر رہے ہیں ، ویزوں کے باوجود ملازمت نہیں دی جاتی،اقامہ فیس اور ملازمتی ویزوں کی قیمتوں میں روز بروز اضافہ کر کے لوگوں کو پھنسایا جا رہا ہے،عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی جنرل سیکرٹری سردار حسین

اتوار 17 فروری 2019 18:50

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 فروری2019ء) عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی جنرل سیکرٹری سردار حسین بابک نے کہا ہے کہ سعودی حکمران شہزدہ سلمان کے دورے کے موقع پر سعودی عرب میں مقیم لاکھوں پختونوں کو درپیش ملازمتی معاہدوں اور اقامے سمیت دیگر مسائل و مشکلات کا ذکر کرنا اور ان کے حل کیلئے اقدامات پر بات چیت کرنا حکومت کا فریضہ ہے ، اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ سعودی عرب میں مقیم لاکھوں پاکستانی پختون سالانہ لاکھوں ڈالر زر مبادلہ کما رہے ہیں لیکن بدقسمتی سے خود اقامے اور ملازمتی معاہدوں سمیت بیشتر مسائل و مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں ،انہوں نے کہا کہ ان مسائل میں سے کئی خود سعودی حکومت کے پیدا کردہ ہیں،انہوں نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ سعودی کفیل لاکھوں مزدوروں کا استحصال کر رہے ہیں اور ویزے فروخت کرنے کے باوجود انہیں ملازمتیں نہیں دے رہے،جبکہ بلا عذر ویزے کینسل کر نے کے بعد دوسرے لوگوں کو فروخت کر دیئے جاتے ہیں، سردار حسین بابک نے حکمرانوں کی توجہ اس جانب بھی مبذول کرائی کہ اقامہ فیس اور ملازمتی ویزوں کی قیمتوں میں روز بروز اضافہ کر کے لوگوں کو پھنسایا جا رہا ہے،جبکہ مزدور کی فوتگی کی صورت میں میت پاکستان لانے میں ایک ماہ سے زائد وقت لگ جاتا ہے،انہوں نے کہا کہ ہزاروں پختون آج بھی جھوٹے مقدمات میں جیلوں میں پڑے ہیں لیکن ان کا کوئی پرسان حال نہیں،سعودی کفیلوں سے ویزے خریدنے کے باوجود پختون بے روزگاری کا شکار ہیں جنہیں مختلف حیلوں بہانوں سے تنگ کیا جا رہا ہے،انہوں نے کہا کہ سعودی وفد کا دورہ اور ملک میں سرمایہ کاری خوش آئند ہے تاہم حکومت کی جانب سے لاکھوں پختونوں کو درپیش مسائل سعودی وفد کے سامنے اٹھا کر ان کے حل کیلئے اقدامات بھی ضروری ہیں۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں