وزیر صحت ہشام انعام اللہ خان کی کنٹری ہیڈ پاکستان عزیز میمن روٹری فاؤنڈیشن امریکہ سے ملاقات

جمعرات 25 اپریل 2019 22:20

پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 اپریل2019ء) وزیر صحت خیبر پختونخوا ڈاکٹر حشام انعام اللہ خان نے کنٹری ہیڈ پاکستان عزیز میمن روٹری فاؤنڈیشن امریکہ سے ملاقات کی۔ ملاقات میں عزیز میمن نے روٹری فاؤنڈیشن امریکا کی طرف سے پولیو کے خلاف چلائی جانے والی منفی مہم کو خوبصورت انداز میں ناکام بنانے پر ڈاکٹر حشام انعام اللہ خان کی تعریف کی اور شکریہ ادا کیا اور کہا کہ روٹری فاونڈیشن پاکستان میں پولیو کے خاتمے میں حکومت خیبر پختونخوا اور محکمہ صحت خیبرپختونخوا کے ساتھ کھڑی ہے۔

انہوں نے اس موقع پر کہا کہ پوری دنیا نے وزیر صحت خیبر پختونخوا کو میڈیا کے توسط سے پولیو کے خلاف منفی پروپیگنڈا کو ناکام اور سخت محنت کرتے ہوئے دیکھا جس پر وہ پاکستانی میڈیا، انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ خیبرپختونخوا اور خصوصاً خیبر پختونخوا کے وزیر صحت کے بے حد مشکور ہیں، انہوں نے خیبرپختونخوا کے وزیر صحت ڈاکٹر حشام انعام اللہ خان کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ جس طرح وزیر صحت نے اپنے بچوں کو پولیو کے قطرے پلا کر پوری دنیا کو یہ پیغام دیا کہ پولیو کے قطرے سوفیصد محفوظ ویکسینیشن ہے اور ہم سب کا قومی فریضہ ہے یہ عمل قابل دید تھا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر وزیر صحت خیبر پختونخوا نے روٹری فاؤنڈیشن کی آمد کا شکریہ ادا کیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ محکمہ صحت خیبر پختونخوا تمام ملکی اور غیر ملکی اداروں کے تعاون سے خیبرپختونخوا سے پولیو جیسی موذی بیماری کا خاتمہ کرکے دم لیں گے، تمام بچے ہمارے صوبے کا اثاثہ ہیں اور ہم اپنے بچوں کی صحت کے معاملے میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کریں گے اور ان تمام عناصر کو نہیں چھوڑیں گے جنہوں نے بچوں کی زندگی سے کھیلنے کی کوشش کی۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں