ڈبلیو ایس ایس پی3روزہ عیدالاضحی صفائی مہم مکمل ،10ہزار ٹن آلائشیں ٹھکانے لگائی گئی

پیر 3 اگست 2020 22:25

پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 اگست2020ء) واٹر اینڈ سینی ٹیشن سروسز پشاور (ڈبلیو ایس ایس پی) نے تین روزہ عیدالاضحی صفائی کا خصوصی آپریشن رات گئے تک مکمل کرلیا، عید کے تیسرے روز کی سہ پہر تک مجموعی طور ساڑھے 10 ہزار ٹن سے زائد آلائشیں اٹھا کر ٹھکانے لگائی گئیں آپریشن رات گئے تک جاری رہا ، آلائشوں کے مکمل اعداد وشمار آج جاری کئے جائیں گے، عید کے پہلے روز 3422.613 ٹن، دوسرے روز 4121.23 ٹن، تیسرے روز سہ پہر تک 3000 ہزار سے زائد ٹن آلائشیں اٹھائی گئیں۔

عید کے تینوںدن شکایات سیل فعال رہا صفائی، آلائشوں، پانی اور نالیوں کی بندش بارے پیر کی سہ پہر تک 330 شکایات موصول ہوئیں اور تقریباً تمام کا ازالہ کیا گیا۔گاڑیوں، ٹرانسفر سٹیشنوں اور کلیکشن پوائنٹس کی دھلائی شروع کر دی گئی ہے جو آج بھی جاری رہے گی آپریشن کی نگرانی چیف ایگزیکٹو آفیسر سید ظفر علی شاہ اور جنرل منیجر آپریشنز ریاض احمد خان نے کی، مانیٹرنگ، معمول کی خدمات، عوامی آگاہی اور شکایات کے ازالے کا سلسلہ بھی جاری رہا۔

(جاری ہے)

آپریشن دو حصوں پرائمری اور سیکنڈری کلیکشن پر مشتمل تھا پرائمری کلیکشن میں 214 چھوٹی گاڑیوں کے ذریعے گلی محلوں سے آلائشیں ٹرانسفر سٹیشن منتقل کی گئیں اور سیکنڈری سطح پر321 بڑی گاڑیوں کے ذریعے ڈمپنگ سائٹ لے جائی گئیںپرائمری کلیکشن کے دوران ہتھ ریڑیوں ، منی رکشہ ڈمپر اور سوزوکیوں کے ذریعے اندرون شہر اور دیگر گنجان آباد علاقوں سے آلائشیں اور باقیات نکالی گئیں ڈبلیو ایس ایس پی فلیٹ کی 319 گاڑیوں کے علاوہ 216 گاڑیاں کرایہ پر حاصل کی گئی تھیں، آلائشیں محفوظ طریقے سے تلف کرنے کے لئے مقامات مقرر کر تے ہوئے شہریوں میں عید سے پہلے قابل تحلیل پلاسٹک تھیلے تقسیم کئے گئے تھے، 1174 سنیٹری ورکرز، 914 کٹھہ قلی، 243 ہیلپرز، 322ڈرائیورز، 67 سپروائزرز اور 55 میونسپل انسپکٹرز تینوں روز فرائض انجام دیتے رہے۔

زون اے میں 568 ، زون بی میں 1160 ، زون سی میں 653 اور زون ڈی میں 394 اہلکار عید آپریشن میں شریک ہوئے۔ ڈمپنگ سائٹ میں آلائشوں کو ٹھکانے لگانے کے لئے گڑھا کھودا گیا تھا سپرے اور چونا ڈالنے کے بعد انہیں مٹی سے ڈھانپاگیا جبکہ شہر میں بھی سپرے کے علاوہ مقررہ مقامات پر چونا ڈالا گیا۔ پچھلے سال 12774 ٹن آلائشیں اٹھائی گئی تھیں اور 2538 اہلکار آپریشن میں شریک ہوئے تھے جنہیں 490 گاڑیوں کی مدد حاصل تھی، اس سال 14 ہزار ٹن سے زائد آلائشیں اٹھانے کا بندوبست کیا گیا تھا۔

چیف ایگزیکٹو آفیسر سید ظفر علی شاہ نے کامیاب عید آپریشن ڈبلیو ایس ایس پی کے تمام شعبوں خصوصاً شعبہ آپریشنز کو خراج تحسین پیش کیا ہے اور اعلان کیا ہے کہ عید آپریشن میں ڈیوٹی انجام دینے والے اہلکاروں کو توصیفی اسناد دی جائیں گی ، عملے نے عید پر جانفشانی سے کام کرتے ہوئے شہریوں کو صاف ماحول فراہم کیا عملے کی محنت کے بغیر کامیابی ممکن نہ تھی۔ انہوں نے عزم ظاہر کیا ہے کہ اسی جذبے اور محنت کے ساتھ عام دنوں میں بھی خدمات کی فراہمی کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا اور مزید بہتری لائی جائے گی۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں