قومی ترقی اورخوشحالی میں محنت کش طبقے کا کردار کلیدی اہمیت رکھتا ہے،غلام علی

معاشرے میں محنت کش طبقے کی عزت وقار اور حقوق کا تحفظ کئے بغیرترقی اور خوشحالی کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتا،یکم مئی پرگورنرخیبرپختونخواکا پیغام

منگل 30 اپریل 2024 22:10

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 اپریل2024ء) گورنرخیبرپختونخوا حاجی غلام علی نے کہاہے کہ قومی ترقی اورخوشحالی میں محنت کش طبقے کا کردار کلیدی اہمیت رکھتا ہے،معاشرے میں محنت کش طبقے کی عزت وقار اور حقوق کا تحفظ کئے بغیرترقی اور خوشحالی کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتا۔ یوم مزدور ہمیں نہ صرف مزدوروں کی جدوجہد کی یاد دلاتا ہے بلکہ مزدوروں کے وقار، محنت کے تقدس کی علامت اور معاشی ترقی کیلئے کارکنوں کی اہمیت کا اعتراف بھی کراتا ہے، یکم مئی عالمی مزدوروں کے دن کی مناسبت سے یہاں سے جاری اپنے خصوصی پیغام میں گورنر نے کہا ہے کہ مزدوروں کا عالمی دن محنت کی عظمت اورقومی ترقی میں محنت کش طبقے کی اہمیت اور کلیدی کردار کو اجاگر کرتا ہے۔

یکم مئی اپنے حقوق کیلئے جان کی قربانی دینے والے مزدوروں کی یاد دلاتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ پاکستان میں مزدوروں کے حقوق کا مکمل تحفظ کیا گیا ہے۔ مزدور طبقہ کسی بھی ملک کی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے، اٴْن کی معاشی، سماجی و فلاحی ضروریات پوری کرنا حکومت کی ذمہ داریوں میں شامل ہے،موجودہ وفاقی وصوبائی حکومت مزدوروں کی ترقی و خوشحالی کیلئے قابل قدر اقدامات اٹھا رہی ہے اور مزدوروں کو بنیادی حقوق کی فراہمی اور فلاح و بہبود کیلئے پرعزم ہے، انہوں نے کہا کہ دین اسلام میں ہاتھ سے روزی کمانے والے کو اللہ کا دوست قرار دیا گیا ہے اس سے ہمیں مزدور، محنت کش طبقہ کی اہمیت و عزت کا پتہ چلتا ہے، محنت کش افراد کسی بھی معاشرے کا انتہائی اہم قابل احترام طبقہ ہیں اور انکی زندگیوں میں آسانیاں پیدا کرنا اور انکی فلاحی بہبود کو یقینی بنانا مہذب معاشرے و ریاست کی ذمہ داریوں میں شامل ہے۔

متعلقہ عنوان :

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں