وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سے پشاور میں تعینات امریکن قونصل جنرل شانٹی مورکی ملاقات

صوبے میں یو ایس ایڈ کے تعاون سے جاری عوامی فلاح و بہبود کی سرگرمیوں سے متعلق امور پر تبادلہ خیال

منگل 21 مئی 2024 23:41

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 مئی2024ء) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سردار علی امین خان گنڈاپور سے پشاور میں تعینات امریکن قونصل جنرل شانٹی مور نے منگل کے روز ان کے دفتر میں ملاقات کی اور صوبے میں یو ایس ایڈ کے تعاون سے جاری عوامی فلاح و بہبود کی سرگرمیوں سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا۔ ملاقات میں وزیر صحت، چیف سیکرٹری، ایڈیشنل چیف سیکرٹری اور دیگر متعلقہ حکام بھی موجود تھے۔

شانٹی مور نے کہا کہ امریکی حکومت یو ایس ایڈ کے تحت صوبے کے مختلف سماجی شعبوں میں کام کر رہی ہے جن میں صحت عامہ، تعلیم، فنی مہارت، واٹر اینڈ سینیٹشن ، زراعت، مواصلات، گورننس اور دیگر شعبے شامل ہیں اور امریکی حکومت مذکورہ شعبوں میں اشتراک کار کو مزید وسعت دینا چاہتی ہے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ خیبر پختونخوا حکومت عوامی فلاح و بہبود میں یو ایس ایڈ کے تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے، صوبائی حکومت نوجوانوں کو تکنیکی ہنر سکھانے اور خودروزگاری کو فروغ دینے کیلئے قرضوں کی فراہمی کا پروگرام شروع کرنے کے علاوہ واٹر اینڈ سینیٹشن سروسز کو مزید علاقوں تک وسعت دینے پر کام کر رہی ہے جس کیلئے صوبائی حکومت کو ڈونر اداروں کے تعاون کی ضرورت ہے۔

علی امین گنڈاپور نے کہا کہ پسماندہ علاقوں بشمول ضم اضلاع کی ترقی صوبائی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے اور حکومت اس مقصد کیلئے نئے بجٹ میں خاطر خواہ سرمایہ کاری کرے گی اور صوبائی حکومت کی خواہش ہے کہ ضم اضلاع میں انفراسٹرکچر کی بہتری اور لوگوں کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کیلئے ڈونر اداروں بھی صوبائی حکومت کے ساتھ مزید تعاون کریں۔ اس موقع پر صوبائی حکومت اور یو ایس ایڈ کے درمیان سماجی شعبوں میں باہمی اشتراک کار کو مزید بہتر انداز میں آگے بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں