وزیراعلی خیبرپختونخوا کے مشیر برائے ایکسائز ٹیکسیشن اینڈ نارکوٹکس کنٹرول خلیق الرحمان کا قبائلی ضلع خیبر کا دورہ

قبائلی اضلاع کی دیرپا ترقی اولین ترجیحات میں شامل ہے، مشاورتی اجلاس سے خطاب، خلیق الرحمان

پیر 7 مارچ 2022 19:47

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 مارچ2022ء) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیر برائے ایکسائز،ٹیکسیشن اینڈ نارکوٹکس کنٹرول ڈیپارٹمنٹ خلیق الرحمن نے کہا ہے کہ قبائلی اضلاع کے عوام کی دہشت گردی کے خلاف قربانیاں تاریخ کا حصہ بن چکی ہے۔ قبائلی اضلاع کے عوام کی ملک کے لئے دی گئی قربانیاں رائیگاں نہیں جائے گی۔انہوں نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کے وژن کے مطابق اور وزیراعلی خیبرپختونخوا محمود خان کی قیادت میں قبائلی اضلاع کے عوام کو ترقی کے قومی دھارے میں شامل کرنے کے لئے مشاورتی اجلاسوں کا سلسلہ شروع کردیا گیا ہے۔

قبائلی اضلاع کے عوام کو زندگی کی تمام تر بنیادی سہولیات کی فراہمی پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔

(جاری ہے)

ایکسیلریٹیڈ ایمپلیمینٹیشن پروگرام(اے آئی پی-فیز2) کے دوسرے مرحلے کے تحت قبائلی اضلاع میں صحت اور تعلیم کی مد میں کثیر فنڈز مختص کردیے گئے ہیں۔ جس کے تحت قبائلی اضلاع میں تعلیم اور صحت جیسے اہم شعبوں میں اصلاحات اور نوجوانوں کو تمام تر سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائیگی۔

پسماندہ اضلاع کی ترقی اور یہاں کے عوام کی زندگیوں میں مثبت تبدیلی لانا شروع ہی سے تحریک انصاف حکو مت کے منشور کا حصہ رہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے قبائلی ضلع خیبر کے ایک روزہ دورے کے موقع پر مشاورتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ہے۔ اجلاس میں ممبر قومی اسمبلی اقبال آفریدی، ممبر صوبائی اسمبلی شفیق شیر آفریدی، ڈپٹی کمشنر خیبر ارشد منصور سمیت لائن ڈیپارٹمنٹ کے افسران، تاجر تنظیموں کے ممبران، قبائلی ضلع خیبر کے عمائدین اور کثیر تعداد عوام بھی موجود تھے۔

مشاورتی اجلاس میں ڈپٹی کمشنر خیبر ارشد منصور نے ضلع خیبر میں مکمل اور جاری ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے حکومتی وفد کو تفصیلی بریفنگ دی۔ قبائلی عمائدین اور عوام نے مشاورتی اجلاس میں اپنی آراء اور تجاویز سے حکومتی ٹیم کو آگاہ کیا۔ مشاورتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مشیر ایکسائز خلیق الرحمن نے کہا کہ حکومت قبائلی اضلاع کی دیر پا ترقی اور خوشحالی کے لئے سنجیدہ اور ٹھوس اقدامات اٹھا رہی ہے۔

آج کا مشاورتی اجلاس حکومت کی تمام قبائلی اضلاع کی ترقی کے لئے سنجیدگی کا مظہر ہے۔ انہوں نے کہا کہ مشاورتی اجلاسوں کا مقصد قبائلی اضلاع کی ترقی میں یہاں کے عوام کو شامل کرنا اور ان کی خواہشات اور امنگوں کے عین مطابق انھیں ترقی کی طرف گامزن کرنا ہے۔ صحت انصاف کارڈ، کامیاب جوان پروگرام اور ان جیسے دیگر اقدامات قبائلی اضلاع کی ترقی میں سنگ میل ثابت ہوں گے۔

تحریک انصاف کی حکومت نے قبائلی اضلاع کی تاریخ میں پہلی دفعہ یہاں کے عوام کو صوبائی اسمبلی میں نمائندگی دی۔ تاکہ یہ نمائندے صوبائی اسمبلی میں اپنے عوام کی حقیقی معنوں میں نمائندگی کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ ضلع خیبرکے عوام کے مطالبے پر لائن ڈیپارٹمنٹ اور ہسپتالوں کی توسیع کے حوالے سے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کو رپورٹ پیش کی جائیگی۔اس کے علاوہ موصوف نے ضلع خیبر میں سکولوں کی اپ گریڈیشن کے حوالے سے بھی صوبائی حکومت کی جانب سے اقدامات اٹھانے کے حوالے سے یقین دہانی بھی کرائی۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں