خیبر پختونخوا کے محکمہ تعلیم میں882 خواتین اور 1618مرد ایس ایس ٹی اساتذہ کی بھرتی مکمل ہوچکی ہے،مشیر تعلیم کو بریفنگ

حکومت تعلیم کی بہتری اور صوبے سے جہالت کے خاتمے کیلئے پر عزم ہے،ضیاء اللہ بنگش

جمعرات 20 ستمبر 2018 17:31

پشاور ۔20 ستمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 ستمبر2018ء) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیر برائے تعلیم ضیاء اللہ بنگش نے کہا ہے کہ حکومت تعلیم کی بہتری اور صوبے سے جہالت کے خاتمے کیلئے پر عزم ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے سیکرٹری ایجوکیشن ارشد خان کی طرف سے دی جانے والی بریفنٖگ کے دوران کیا ۔ انھوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے محکمہ تعلیم کو دیگر صوبوں کیلئے ایک رول ماڈل کے طور پر پیش کیا جائے گا ‘اس مقصد کیلئی100روزہ پلان کی تکمیل ہماری اولین ترجیح ہے اور اس ضمن میں پرائمری اور خواتین کی تعلیم کو 100روزہ پلان میں خصوصی توجہ دی جائے گی۔

ضیاء اللہ خان بنگش نے کہا کہ ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کو آ ئی ٹی، محکمہ سیاحت،ماحولیات اور دیگر اداروں کیساتھ منسلک کیا جائے گا تا کہ محکمہ تعلیم کو دور جدید کے تقاضوں کے مطابق کمپیوٹرائزڈ کیا جاسکے۔

(جاری ہے)

اسی طرح سرکاری اور پرائیویٹ سکولوں کے درمیان صحت مند مقابلے کی فضاء پیدا کی جائے گی جبکہ بجٹ میں پرانے منصوبوں کی بروقت تکمیل کے ساتھ ساتھ نئے منصوبوں کو بھی شامل کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ تمام تر فیصلے میرٹ پر ہونگے اور اساتذہ کی کمی کو ترجیحی بنیادوں پر دور کیا جا رہا ہے۔مشیر تعلیم نے محکمہ تعلیم کے عہدیداروں کو ہدایات جاری کیں کہ100روزہ پلان میں شامل منصوبوں کو وقت سے پہلے مکمل کیا جائے جبکہ 5سالہ پلان کیلئے بھی تیاری کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان اور وزیراعلی کی ہدایات کے مطابق پلان میں عوامی مفاد کے تمام منصوبے شامل ہیں جبکہ ہماری کوشش ہے کہ داخلہ مہم کے دوران زیادہ سے زیادہ بچوں کو سکولوں میں داخل کروائیں، انھوں نے کہا کہ تعلیم کی بہتری کیلئے محکمہ تعلیم کیساتھ ساتھ والدین کو بھی اپنی ذمہ داری بطریق احسن ادا کرنی چاہئی، مشیر تعلیم کو بتا یا گیا کہ محکمے میں 882 خواتین ایس ایس ٹیز اور 1618مرد ایس ایس ٹی اساتذہ کی بھرتی کا عمل مکمل ہوچکا ہے۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں