ًپشاور،ضلعی انتظامیہ کوہاٹ نقل کی لعنت سے پاک میٹرک کے امتحانات کے شفاف انعقاد کے لئے پوری طرح متحرک

بدھ 20 مارچ 2019 00:01

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 مارچ2019ء)ضلعی انتظامیہ کوہاٹ نقل کی لعنت سے پاک میٹرک کے امتحانات کے شفاف انعقاد کے لئے پوری طرح متحرک ہے اوراس سلسلے میں اسسٹنٹ کمشنرز اورایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنرز سرکاری ونجی سکولوں کے امتحانی ہالوں پر مسلسل چھاپے ماررہے ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ شہر میںپاکٹ گائیڈز کے خلا ف بھی بک شاپس پرکریک ڈاؤن جاری ہے اور ہزاروں پاکٹ گائیڈز ضبط کرکے بک سیلرز کو یہ گائیڈز فوری طورپر دُکانوں سے ہٹانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق ڈپٹی کمشنر کوہاٹ مطیع اللہ خان کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر کوہاٹ کیپٹن(ر) عبدالرحمن نے گورنمنٹ ہائی سکول نمبر2 کوہاٹ شہر کا اچانک دورہ کیا ۔جہاںڈیوٹی سپرنٹنڈنٹ غیر حاضر تھا جبکہ دیگر عملہ موجود تھا کئی امیدواروں سے موقع پر نقل کا مواد پکڑ اگیا جن کے کیسز کوہاٹ بورڈ کو ارسال کردیئے گئے۔اسی طرح ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنرز طاہر علی ،صاحبزادہ سمیع اللہ اورمراد احمد ہوتی نے بھی مختلف سرکاری ونجی تعلیمی اداروںکے امتحانی ہالوں پرچھاپے مارے کئی امتحانی ہالوں پراطمینان جبکہ بعض پر عد م اطمینان کااظہار کیا ۔انہوں نے امتحانات کے شفاف انعقاد کے لئے متعلقہ حکام کواپنی سفارشات بھی پیش کیں۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں