چیمبر کی سطح پر مالی و انتظامی بے ضابطگیوں اور بے قاعدگیوں میں ملوث افراد اور ملازمین کو کیفرکردار تک پہنچا جائے گا ، صدر فواد اسحق

جمعرات 25 اپریل 2024 21:30

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 اپریل2024ء) سرحد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدرفواد اسحق نے انکشاف کیا ہے کہ کروڑوں روپے کی کرپشن اورغیرقانونی طورپر سیکرٹری جنرل سجاد عزیز اور دیگر ملوث افراد / ملازمین کے اکاؤنٹس میں ٹرانزکشن ہوئی۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ چیمبر کی سطح پر مالی و انتظامی بے ضابطگیوں اور بے قاعدگیوں میں ملوث افراد اور ملازمین کو کیفرکردار تک پہنچا جائے گا اور مزید شواہد اکٹھا کرکے کرپشن کے کیسز کے حوالے سے ایف آئی اے اور پولیس کے ذریعے بھی تحقیقات اور ملزموں کے خلاف مقدمات درج کئے جائیں گے۔

گذشتہ روز سرحدچیمبر کے صدرفواد اسحق نے نائب صدر اعجاز خان آ فریدی ٗ ایگزیکٹو ممبران محمد ارشد صدیقی ٗ منہاج الدین ٗ قراۃ العین ٗ عفاف علی خان ٗ کاشف امین ٗ محمد اسماعیل صافی ٗ سابق صدور حاجی محمد افضل ٗ زاہداللہ شنواری ٗ حسنین خورشید ٗ ریاض ارشد ٗملک نیاز احمد ٗ ذوالفقار علی خان ٗ سابق سینئر نائب صدور ضیاء الحق سرحدی ٗ عمران خان مہمند ٗ انجینئر منظور الٰہی ٗ سابق صدر انڈسٹریلسٹ ایسوسی ایشن ملک عمران اسحق ٗ صدر گل ٗ فیض رسول ٗ راشد اقبال صدیقی اور دیگر کے ہمراہ چیمبرہاؤس میں ہنگامی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے کہا کہ چیمبر کی سطح پر تین افراد کا گینگ کرپشن میں ملوث ہے جس میں سیکرٹری جنرل سجاد عزیز بھی شامل ہے ہم نے اس گروہ کوپکڑ ا ہے اب تک 50 لاکھ روپے کی خطیر رقم ویز ا سیکشن انچارج ڈپٹی سیکرٹری امجد علی سے ریکور کی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سیکرٹری جنرل سجاد عزیز کے خلاف متعدد شواہد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس گروہ کا سرغنہ قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ چیمبر کے آئی ٹی کے ماہرین نے اس بڑے پیمانے پر مالی و انتظامی بے قاعدگیوں اور بے ضابطگیوں کی نشاندہی کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیکرٹری جنرل سجاد عزیز کروڑوں روپے کی کرپشن میں ملوث ہے جس کے حوالے سے مزید تحقیقات کی جا رہی ہے اور ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ کے مطابق چھ ماہ میں سجاد عزیز کے الائیڈ بینک اسٹیٹمنٹ میں ایک کروڑ 66 لاکھ 51 ہزار 600روپے کی خطیر رقم جمع ہوئی جبکہ اُن کی تنخواہ بمعہ الاؤنس ایک لاکھ 80 ہزار 980روپے بنتی ہے۔

انہوں نے مزید انکشاف کیا ہے کہ ویزہ پروسیسنگ ایجنٹس سجاد عزیز کے ساتھ ملوث تھے اور ان ایجنٹس نے تسلیم کیا ہے کہ گذشتہ تین ماہ کے عرصے میں 72 لاکھ روپے انہوں نے سجاد عزیز کو دیئے ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے سرحد چیمبر کی موجودہ کابینہ اور بزنس مین فورم کسی بھی کالی بھیڑے کو نہیں چھوڑے گی اور تمام ملوث افراد / ملزمان کو کیفر کردارادا تک پہنچایا جائے گا۔ سرحد چیمبر کے صدرفواد اسحق کا کہنا تھا کہ افغانستان کے لئے ای بل جاری کرنے میں بھی کرپشن ہوئی ہے ۔انہوں نے کہا کہ چیمبر کی سطح پر تحقیقات مکمل ہونے پر کرپشن کے حوالے سے سرحد چیمبر وکلاء کے ساتھ مشاورت کرنے کے بعد ایف آئی اے اور پولیس سے مل کر مزید قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں