ساہیوال نسل کی گائے سب سے زیادہ دودھ دینے والے پالتو جانوروں میں پہلے نمبرپر آگئی

جمعہ 26 اپریل 2024 13:23

ساہیوال نسل کی گائے سب سے زیادہ دودھ دینے والے پالتو جانوروں میں پہلے نمبرپر آگئی
فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 اپریل2024ء) پاکستان میں موجود گائے کی تمام نسلوں میں ساہیوال نسل کی گائے سب سے زیادہ دودھ دینے والے پالتوجانوروں میں پہلے نمبرپر آگئی ہے جبکہ مذکورہ گائے نہ صرف 24گھنٹے میں 28کلوگرام سے زائد دودھ دینے کی صلاحیت کی حامل ہے بلکہ یہ ریڈ گولڈ گائے خوبصورتی کے اعتبار سے بھی دنیا بھر کی تما م گائیوں سے زیادہ بہترین ثابت ہوئی ہے۔

محکمہ لائیو سٹاک و ڈیری ڈویلپمنٹ کے ذیلی ادارے تحقیقاتی مرکز برائے ساہیوال نسل گائے جھنگ کے ترجمان نے بتایاکہ لائیو سٹاک سیکٹر کا دیہی ترقی و معیشت میں اہم کردار ہے جبکہ حکومتی سطح پر ساہیوال نسل کی گائے کی دیکھ بھال اور افزائش کیلئے مزید کوششیں جاری ہیں لہٰذاہمیں بھی چاہیے کہ ساہیوال نسل کے اپنے جانوروں کو دنیا بھر میں متعارف کرانے کیلئے ترجیحی بنیادوں پر کام کریں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جغرافیائی لحاظ سے پاکستان گائے کی نسلوں میں ممتاز حیثیت رکھتا ہے جبکہ ساہیوال گائے کی نسل نے پنجاب کے اضلاع میں نشوونما پائی جو کہ اس وقت ملک میں سب سے زیادہ پالتو دودھ دینے والا جانور ہے جو کہ جھنگ میں دیگر اضلاع کے مقابلہ میں کثیر تعداد میں پایا جاتا ہے۔ انہوں نے بتایاکہ آر سی سی ایس سی کے حکام کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ضلع میں بریڈرز کی رہنمائی کیلئے ڈی ایل او کے تعاون سے ورکشاپس کا اہتمام کریں جس میں ساہیوال نسل کے جانوروں کے مالکان کو مفید مشورے دئیے جائیں۔انہوں نے بریڈرز کوبھی مشورہ دیا کہ وہ ساہیوال نسل کی ترقی کیلئے محکمہ لائیو سٹاک اینڈ ڈیری ڈویلپمنٹ سے رابطہ رکھیں۔

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں