ٓ صوبے میں جاری ناروا لوڈ شیڈنگ اور کم وولٹیج نے عوام کا جینا دشوار کر دیا ،سردارحسین بابک

5موجودہ دور حکومت میں بجلی کی قیمتیں آسمان سے باتیں کر رہی ہیں اور آئے روز قیمتوں میں اضافے کا نہ رکنے والا سلسلہ جاری ہے،جنرل سیکرٹری عوامی نیشنل پارٹی

اتوار 16 جون 2019 19:25

۳پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 جون2019ء) عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی جنرل سیکرٹری سردار حسین بابک نے کہا ہے کہ صوبے میں جاری ناروا لوڈ شیڈنگ اور کم وولٹیج نے عوام کا جینا دشوار کر دیا ہے اور گرمیوں کے آغاز کے ساتھ ہی تبدیلی کے دعوؤں کی قلعی کھل گئی ہے، اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ موجودہ دور حکومت میں بجلی کی قیمتیں آسمان سے باتیں کر رہی ہیں اور آئے روز قیمتوں میں اضافے کا نہ رکنے والا سلسلہ جاری ہے، اس کے باوجود بجلی کا نام و نشان تک نہیں ، ناروا لوڈ شیڈنگ کے باوجود بھاری بھر کم بلوں سے غریب آدمی ذہنی مریض بن چکا ہے،انہوں نے حیرت کا اظہار کیا کہ موسم گرما سے قبل دن میں تین تین بار ٹویٹ کرنے والے وزیر پانی و بجلی گرمیوں کے آغاز کے ساتھ ہی غائب ہو چکے ہیں،سردار بابک نے کہا کہ خیبر پختونخوا پانی سے سستی بجلی پیدا کرنے والا صوبہ ہے لیکن بدقسمتی سے یہاں کے عوام لوڈ شیڈنگ ، کم وولٹیج اور چندوں پر ٹرانسفارمر کی مرمت کے باعث اذیت میں مبتلا ہیں،انہوں نے کہا کہ وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ بجلی کے استعمال میں بھی اضافہ ہو رہا ہے لیکن موجودہ حکومت کے پاس یہ ضرورت پوری کرنے کیلئے کوئی ٹھوس منصوبہ بندی نہیں،انہوں نے کہا کہ ایک طرف بجلی کی قیمت عوام کی دسترس سے باہر ہو چکی ہے جبکہ دوسری جانب لوڈ شیڈنگ نے مسائل میں مزید اضافہ کر دیا ہے، صوبائی جنرل سیکرٹری نے کہا کہ حکومت کے اقتدار میں آتے ہی مسائل کے انبار لگ گئے ہیں اور کوئی بھی مسئلہ حل ہونے کی بجائے بڑھتا چلا جا رہا ہے،عوام کی قوت خرید ختم ہو چکی ہے، مہنگائی ، بیروزگاری اور اب بجلی کی قیمتوں میں اضافے و لوڈ شیڈنگ نے بھی عوام کی چیخیں نکال دیں ، انہوں نے کہا کہ محکمہ کے پاس سٹاف کی کمی مسائل میں مزید اضافے کا سبب ہے جس کی وجہ سے اوور لوڈڈ فیڈرز اور گرڈ سٹیشنز بار بار ٹرپ ہو رہے ہیں جن سے گھروں میں برقی آلات ناکارہ ہو رہے ہیں، سردار حسین بابک نے کہا کہ حکومت جب سے اقتدار میں آئی ہے کوئی اچھی خبر سننے کو نہیں ملی جبکہ ہر دن ایک نئے مسائلے کے ساتھ طلوع ہو رہا ہے، ملک پر جیسے نحوست کے سائے چھا چکے ہیں، انہوں نے کہا کہ لوڈ شیڈنگ کے خاتمے پر توجہ دی جائے اور خسارے و کم وولٹیج کا سبب بننے والی بوسیدہ ٹرانسمیشن لائنوں کی مرمت و بحالی کا کام کیا جائے۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں