صوبے میں نئے کاروبار کے طریقہ کار کو سہل بنانے کیلئے ماہرین پرمشتمل ٹیم تشکیل

پیر 15 جولائی 2019 23:54

پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 جولائی2019ء) خیبر پختونخوا کے وزیر خزانہ تیمور سلیم جھگڑا نے صوبے میں نئے کاروبار کے طریقہ کار کو سہل بنانے اور مقامی سطح پر سرمایہ کاروں کو راغب کرنے کے لئی"Doing of easy business"کے تحت معروف صنعتکاروں اور تاجر برادری کے متعلقہ شراکت داروں پر مشتمل ماہرین کی ٹیم تشکیل دی ہے،جس کا بنیادی مقصد صوبے میں سرمایہ کاروں کو کاروبار کے آغاز میں درپیش دشواریوں اوردیگر عوامل کی نشاندہی کرنے سمیت طویل وپیچیدہ طریقہ کار کو مختصر بنانا ہے۔

یہ ٹیم سرمایہ کاروں کو سہولیات کی فراہمی کے لئے حکومت کو سفارشات پیش کرے گی تاکہ خیبر پختونخوا کونئے کاروبار کے آغاز اور سرمایہ کاری کے لئے ایک موزوں صوبہ بنایا جاسکے۔خیبر پختونخوا کے وزیر خزا نہ نے میڈیاکوبتایاکہ صنعتکاروں اور کاروباری افراد پر مشتمل ٹیم"Doing of easy business" کے تحت صوبے میں کاروبار اور سرمایہ کاری کے آغاز کو آسان بنانے کے لئے تجاویز مرتب کرکے حکومت کو پیش کرے گی۔

(جاری ہے)

بیان میں مزید بتایا گیا کہ صوبائی حکومت معاشی سرگرمیوں کے فروغ اور مقامی سرمایہ کاروں کے لئے سازگار ماحول فراہم کرنے کے لئے ٹھوس بنیادوں پر اقدامات کررہی ہے۔وزیر خزانہ نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں سرمایہ کاری کے بے پناہ مواقع موجود ہیں،بڑے اور چھوٹے پیمانے پر کاروبار کے مواقع فراہم کرنے کے لئے ٹیکسیشن نظام میں اصلاحات سمیت درپیش دیگر مسائل کا حل اور صوبے میں سرمایہ لانے کے لئے سنجیدہ اقدامات اٹھائے گئے ہیں۔

وزیر خزانہ تیمور سلیم کا کہنا ہے کہ صوبائی حکومت نے اپنے 100 روزہ ایجنڈے میں"Doing of easy business"کے لئے ترجیحی بنیادوں پر منصوبہ بندی کرنے کے علاوہ صوبے میں سرمایہ کاری کے لئے سازگار ماحول فراہم کرنے اور سرمایہ کاروں کو راغب کرنے کے لئے جامع منصوبہ بندی کی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ حکومت صوبے کے عوام کی معاشی خوشحالی،اقتصادی سرگرمیوں کے فروغ اور ٹیکس آمدن میں اضافے کے لئے لامتناہی وسائل کو استعمال میں لارہی ہے۔تیمور سلیم جھگڑا کا کہنا ہے کہ صوبے کی معاشی ترقی میں پرائیوٹ سیکٹر کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے حکومت سرمایہ کاری کے فروغ اور کاروباری مواقع بڑھانے اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے لئے پرائیویٹ سیکٹر کے تجربات سے بھی بھرپور استفادہ حاصل کرے گی۔

متعلقہ عنوان :

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں