سانحہ 9 مئی، فواد چودھری جے آئی ٹی کے سامنے پیش، تحریری جواب کیلئے وقت مانگ لیا

پولیس نے بلایا تھا، آ گئے ،ہمارا ان کیسز سے کیا تعلق ،ریلیف نہ ملنا عجیب بات ہے‘فواد چوہدری

ہفتہ 4 مئی 2024 21:24

سانحہ 9 مئی، فواد چودھری جے آئی ٹی کے سامنے پیش، تحریری جواب کیلئے وقت مانگ لیا
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 مئی2024ء) سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری لاہور میں درج مقدمات کی تفتیش کے لیے جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم کے سامنے پیش ہوگئے،فواد چودھری نے جے آئی ٹی سے تحریری جواب کے لئے وقت مانگ لیا۔ تفصیلایت کے مطابق جے آئی ٹی نے فواد چودھری کو طلبی کا نوٹس جاری کیا تھا۔جس پر فواد چوہدری اپنے وکلاء کے ہمارا ڈی آئی جی انوسٹی گیشن ہیڈ کوارٹر لاہور پہنچے ۔

فواد چوہدری کو نو مئی کے اہم مقدمات میں شامل تفتیش کیا گیا ہے۔فواد چوہدری کو تھانہ سرور میں درج مقدمہ 97/23ماڈل ٹان میں درج مقدمہ 366/23 سرور روڈ کے مقدمہ 103/23 میں بھی شامل تفتیش کیا گیا ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق مقدمات کی تفتیش کے دوران گرفتار ملزمان کے بیانات کی روشنی میں فواد چوہدری کو شامل تفتیش کیا گیا ۔

(جاری ہے)

گرفتار ملزمان کے بیانات میں فواد چوہدری کے واقعات میں ملوث ہونے کے شواہد ملے تھے ۔

فواد چوہدری نے تمام مقدمات میں عبوری ضمانت کروا رکھی ہے ۔ پولیس ذرائع کے مطابق فواد چوہدری نے کچھ مقدمات کے جواب جمع کروا دئیے جبکہ باقی تحریری جوابات جمع کروانے کے لیے وقت مانگ لیا ۔ فواد چوہدری نے کہا کہ باقی کے لئے وقت طلب کیا ہے جب ان مقدمات کا تعین کیا جائے گا تو جواب جمع کروا دونگا۔میڈیا سے غیر رسمی بات چیت کرتے ہوئے فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ پولیس نے بلایا تھا، آ گئے ہیں اور بیان ریکارڈ کروادیا۔سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ مجھے بلانا ہی نہیں چاہیے تھا۔ ہمارا ان کیسز سے کیا تعلق ۔انہوں نے مزید کہا کہ ریلیف نہ ملنا عجیب بات ہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں