ایم پی اے ثمر ہارون بلور کی ڈی ایس پی سی ٹی ڈی کے قتل کی شدید الفاظ میں مذمت

صوبے میں ایک پولیس افسر کی زندگی محفوظ نہیں تو ایک عام آدمی کیسے محفوظ رہ سکتا ہے، دوسرے محاذوں پر ناکام ہونے والی صوبائی حکومت کم از کم امن و امان کی صورت حال بہتربنانے پر تو جہ مرکوز کرے ،بیان

جمعرات 14 نومبر 2019 23:54

ٰپشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 14 نومبر2019ء) عوامی نیشنل پارٹی کی خاتون رکن صوبائی اسمبلی ثمر ہارون بلور نے ڈی ایس پی سی ٹی ڈی غنی الرحمان کے قتل کی مذمت کر تے ہوئے کہا ہے کہ جب صوبے میں ایک پولیس افسر کی زندگی محفوظ نہیں تو ایک عام آدمی کیسے محفوظ رہ سکتا ہے جوصوبائی حکومت کے امن وامان کے حوالے سے دعووں پر ایک بڑا سوالیہ نشان ہے‘ انہوں نے کہا کہ دوسرے محاذوں پر ناکام ہونے والی صوبائی حکومت کم از کم امن و امان کی صورت حال بہتربنانے پر تو جہ مرکوز کرے ‘ رکن صوبائی اسمبلی نے شہید ڈی ایس پی کے لواحقین سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی ہے کہ اللہ تعالیٰ انہیں یہ صدمہ برداشت کرنے کی توفیق دے اور مرحوم کی مغفرت فرمائے ‘ یاد رہے کہ آج صبح میاں گجر سے تعلق رکھنے والے ڈی ایس پی سی ٹی ڈی غنی الرحمان اپنے بھانجے اورگن مین کے ساتھ آفس جارہے تھے کہ دلزاک روڈ پر تاک میں بیٹھے نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ کا نشانہ بنے‘ واقعہ میںان کا گن مین ‘ بھانجا‘ لڑکی اورایک دکانداربھی زخمی ہوا ۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں