آنسداد پولیو کے لئے جاری کوششوں کے دوران پولیو ورکروں کے اہم اور موثر کردار سے انکار ممکن نہیں، کو آرڈنیٹر عبدالباسط

جمعرات 23 جنوری 2020 21:33

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 جنوری2020ء) صوبائی ایمرجنسی آپریشن سینٹر برائے پولیوپروگرام کے کو آر ڈی نیٹر عبدالباسط نے کہا ہے کہ انسداد پولیو کے لئے جاری کوششوں کے دوران پولیو ورکروں کے اہم اور موثر کردار سے انکار ممکن نہیں،وہ دیانتداری، فرض شناسی، محنت و لگن اور عزم صمیم سے کام کریں تو کوئی وجہ نہیں کہ بچوں کو دائمی اپاہج پن کا شکار کرنے والی بیماری کو جڑ سے اکھاڑ نہ پھینکا جاسکے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے لکی سٹی، تتر خیل اور دیگر علاقوں میں ایریا انچارج کے تربیتی سیشن کے معائنے کے موقع پر کیا، ڈپٹی کمشنر جہانگیر اعظم وزیر، ڈی ایچ او ڈاکٹر رحیم خٹک اور پی ای آئی کو آرڈی نیٹر ڈاکٹر ہدایت اللہ خان بھی ان کے ہمراہ تھے۔ای او سی کو آرڈی نیٹر عبدالباسط نے ایریا انچارچ، یو پیک چیئرمین اور ویکسی نیٹرز سے ان کی ذمہ داریوں پر تفصیلی بات چیت کی اور ان کے مسائل سے بھی آگاہی حاصل کی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ گذشتہ سال سب سے زیادہ پولیو کیسز لکی مروت سے رپورٹ ہوئے جبکہ سال رواں کا پہلا کیس بھی یہاں سے سامنے آیا یہ صورتحال نہ صرف تشویشناک ہے بلکہ اس بات کی متقاضی ہے کہ ہم میں سے ہر ایک تفویض کردہ ذمہ داری کو احس طریقے سے نبھائے ۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر جہانگیر اعظم وزیر نے کہا کہ انسداد پولیو کے لئے جاری کوششوں کے دوران اب غلطی کی کوئی گنجائش باقی نہیں ضلعی انتظامیہ کی طرف سے چند روز قبل اچھی کارکردگی پر پولیو ورکروں میں تعریفی اسناد تقسیم کی گئیں اور یہ سلسلہ آئندہ بھی جارہے گا تاہم خراب کارکردگی پر سخت باز پرس ہوگی۔

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ پولیو کے خاتمے سے وابستہ محکمہ صحت اور دیگر اداروں کے اہلکار اس عہد کی تجدید کریں کہ وہ رواں سال کے دوران ضلع لکی مروت کو پولیو فری بنانے کے لئے تن من دھن سے کام کریں گے۔

متعلقہ عنوان :

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں