پشاور،بزنس کمیونٹی کے ٹیکس ریفنڈ کے مسائل ترجیحی بنیادوں پرحل کئے جائیں گے،چیف کمشنرایف بی آر

منگل 7 اپریل 2020 19:39

پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 اپریل2020ء) چیف کمشنر ریجنل ٹیکس آفس (ایف بی آر) پشاور سردار علی خواجہ نے بزنس کمیو نٹی کو یقین دلایا ہے کہ ان کے ٹیکس ریفنڈ کے مسائل ترجیحی بنیادوں پرحل کئے جائیں گے۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے سرحد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز پشاور کے نمائندہ وفد سے ٹیکس ہائوس پشاور میں ملاقا ت کے دوران کیا۔

وفد کی قیادت سرحد چیمبر کے صدر انجینئر مقصود انور پرویز نے کی۔وفد میں سابق صدور زاہد شنواری اورریاض ارشد بھی شامل تھے۔اس موقع پر کمشنر پشا ور زون محمد طارق ارباب ، کمشنر کارپوریٹ زون طارق جمال خٹک، ایڈیشنل کمشنر ہیڈ کوارٹرز اجمل خان اور ڈپٹی کمشنر ہیڈ کوارٹرزامحسن احسان بھی موجود تھے ۔ چیف کمشنر نے کہا کہ موجودہ گھمبیر صورت حال میں حکومت اور ایف بی آر کو تاجر برادری اور صنعت کاروں کی تکالیف کا احساس ہے اس لئے قانون کے مطابق درست ریفنڈ کلیم حجم کی تخصیص کئے بغیر اولین فرصت میںنمٹائے جا رہے ہیں۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ حکومت کی کوشش ہے کہ ان مشکل حالات میں تاجر برادری ،کاروباری حضرات کی مکمل مدد کی جائے۔اس سلسلے میں ریفنڈ کے عمل کو تیز کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔ حکومت کی خواہش یہ بھی ہے کہ ریفنڈ ذیادہ سے ذیادہ لوگوں کو دیاجائے تاکہ ان کی مالی اور کاروباری مشکلات کی حل میں مدد دی جا سکے۔ چیف کمشنر نے مزید کہا کہ ریجنل ٹیکس آفس پشاور ان حالات کے باوجود جبکہ کرونا وائرس کی وبا کا خطرہ ہے، اپنی خدمات پوری جان فشاخی سے ادا کر رہاہے اور ملکی ترقی میں اپنا کردار ادا کررہاہے۔

انھوں نے چیمبر کے رہنمائوں پر زور دیا کہ ٹیکس گوشوارے جمع کرانے اور واجب الادا ٹیکسوں کی ادائیگی میں ایف بی آر کی مدد کی جائے۔چیمبر کے وفد نے ریفنڈ سے متعلق مسائل سننے پر چیف کمشنر کا شکریہ ادا کیا۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں