محکمہ خوراک کی گرانفروشوں کیخلاف کارروائیاں ‘ 17 افراد گرفتار

منگل 11 اگست 2020 22:39

پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 اگست2020ء) محکمہ خوراک نے گرانفروشوں کے خلاف کارروائیاں کرتے ہوئے 17 افراد کو دھرلیا ۔ محکمہ خوراک کے اعلیٰ حکام کی ہدایت پر راشننگ کنٹرولر پشاور آفتاب عمر کی زیر نگرانی اسسٹنٹ فوڈ کنٹرولر تسبیح اللہ اور فوڈ انسپکٹر محسن علی شاہ نے یونیورسٹی روڈ ‘ حیات آباد اور ناصر باغ کے مختلف علاقوں میں فوڈ پوائنٹس میں اشیائے خوردونوش کے نرخوں بارے آگاہی حاصل کی ۔

(جاری ہے)

سرکاری نرخنامے سے تجاوز کرنے اور عوام کو دونوں ہاتھوں سے لوٹنے پر 17 افراد کو گرفتار کرلیا جن میں چائے خانہ کے منیجر ‘ پھل و سبزی فروش ‘ دودھ و دہی فروش ‘ بیکری اور جنرل سٹور مالکان اور دیگر شامل ہیں ۔ راشننگ کنٹرولر پشاور آفتاب عمر نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ گرانفروشوں کے خلاف کارروائیاں پاکستان سٹیزن پورٹل پر شکایات درج ہونے کے بعد کی گئیں ۔ آفتاب عمر نے مزید کہا کہ گرانفروشی کسی صورت قبول نہیں ہے جبکہ گرانفروشی کے مرتکب افراد کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائیگا ۔ انہوں نے مزید کہا کہ محکمہ خوراک کی جانب سے شہر کے مختلف اوقات میں کارروائیاں جاری رہیں گی ۔

متعلقہ عنوان :

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں