حکومت نجی شعبے کی حوصلہ افزائی کر رہی ہے ،وزیرہائوسنگ امجدعلی خان

بدھ 28 اکتوبر 2020 21:33

پشاور۔28اکتوبر  (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 اکتوبر2020ء) :خیبر پختونخوا کے وزیرِ ہائوسنگ امجد علی خان نے کہا ہے کہ محکمہ ہاوسنگ نے صوبے کے مختلف اضلاع میں جتنی بھی ہاوسنگ سکیمیں شروع کی ہیں ان تمام پر تیزی سے کام ہو رہا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ملکی و غیر ملکی سرمایہ کار اب محکمہ ہاوسنگ کے ساتھ کام کرنے میں دلچسپی لے رہے ہیں۔ان خیالات کا اظہار وزیر ہاوسنگ نے ملکی سرمایہ کاروں کے وفد سے بدھ کے دن اپنے دفتر میں ملاقات کے دوران کیا۔

ملاقات کے دوران وفد نے خیبر پختونخوا کے محکمہ ہاوسنگ کی جانب سے صوبے کے مختلف اضلاع میں ہاوسنگ سکیمیں شروع کرنے پر وزیرِ ہاوسنگ کی خصوصی دلچسپی و مہارت کو سراہا۔ وفد نے ہاوسنگ ڈیپارٹمنٹ کے زیر اہتمام جاری ہاوسنگ سکیموں میں کام کرنے میں دلچسپی کا اظہار کیا اور صوبائی وزیر برائے ہاوسنگ کو اس ضمن میں معاونت اور سرمایہ کاری کی پیشکش کی۔

(جاری ہے)

وزیر ہاوسنگ نے ملکی سرمایہ کاروں کی جانب سے محکمہ ہاوسنگ میں سرمایہ کاری کرنے کا خیر مقدم کرتے ہوئے انہیں ہر قسم کے تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے محکمہ ہاوسنگ کے انتظامی افسران کو اس ضمن میں تیاری کرنے کی ہدایت جاری کر دی۔ ہاوسنگ وزیر نے انتظامی افسران کو محکمہ ہاوسنگ سے متعلق لوگوںکیلئے آسانیاں پیدا کرنے اور ہر سکیم وقت پر مکمل کرنے کی بھی تاکید کرکی۔

وفد سے ملاقات کے دوران وزیرِ ہاوسنگ نے کہا کہ حکومت نجی شعبے کی حوصلہ افزائی کر رہی ہے اور انہیں آگے آنے کے بھر پور مواقع فراہم کررہی ہے تاکہ نجی شعبوں سے وابسطہ لوگ اورادارے ملک کی ترقی میں حکومت کے شانہ بشانہ اپنا کردار ادا کرسکیں۔ملاقات کے دوران ڈاکٹر امجد علی نے کہا کہ ملکی و بیرونی سرمایہ کاری سے صوبہ بہت جلد ترقی کی راہ پر گامزن ہوجا ئیگا, یہی وجہ ہے کہ حکومت نجی شعبے کے سرمایہ کاروں کو برابر مراعات دے رہی ہے۔

محکمہ ہاوسنگ کی جاری کردہ ہاوسنگ سکیمز کی اہمیت و افادیت پر بات کرتے ہو۔۔ ڈاکٹر امجد علی نے کہا کہ جاری سکیموں سے نہ صرف ان علاقوں میں کافی ترقی آجائے گی بلکہ اس سے روزگار کے نئے مواقع بھی پیدا ہوجائیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاک فوج کے جوانوں اور عوام کی قربانیوں سے صوبے میں امن قائم ہوا ہے اور اب ملکی و بیرونی سرمایہ کار صوبے کا رخ کررہے ہیں جو کہ صوبہ خیبر پختونخوا کیلئے خوش آئند بات ہے۔

متعلقہ عنوان :

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں