ڈینگی کی روک تھام کیلئے سنجیدہ اقدامات اٹھائے جائیں، کاظم نیاز

ڈینگی سے اب تک صوبے میں کوئی موت واقع نہیں ہوئی،چیف سیکرٹیر خیبرپختونخوا کی اجلاس کو بریفنگ

منگل 21 ستمبر 2021 22:51

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 ستمبر2021ء) چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا ڈاکٹر کاظم نیاز نے ہدایت کی ہے کہ ڈپٹی کمشنرز، محکمہ صحت اور دیگر متعلقہ حکام, ڈینگی کی روک تھام کیلئے سنجیدہ اقدامات یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈینگی کی روک تھام کیلئے ہاٹ سپاٹس کی نشاندہی کرکے لاروا کش سپرے اور فوگنگ کی جائے تاکہ ڈینگی کے پھیلاؤ کو روکا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ اس ضمن میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ ان خیالات کا اظہار چیف سیکرٹری ڈاکٹر کاظم نیاز نے صوبے میں ڈینگی کیسز کے حوالے سے منعقدہ جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں انتظامی سیکرٹریز، ڈویژنل کمشنرز، ڈی جی ہیلتھ اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ جبکہ ڈپٹی کمشنرز، اجلاس میں ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر اجلاس کو بتایا گیا کہ صوبے میں اب تک ڈینگی سے کوئی موت واقع نہیں ہوئی جبکہ صوبے بھر میں تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 440 ہے جس میں سے 427 صحت یاب ہو چکے ہیں اور باقی ہسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔چیف سیکرٹری نے ہدایت کی کہ تمام اضلاع میں تواتر کیساتھ لاروا کش سپرے اور فوگنگ سمیت اس حوالے سے آگاہی پھیلانے کے لئے بھی اقدامات اٹھائے جائیں۔ دریں اثناء چیف سیکرٹری نے صوبے میں جاری انسدادپولیو مہم کا جائزہ بھی لیا۔ چیف سیکرٹری نے پولیو مہمات کے معیار کو مزید بہتر اور موثر بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ پولیو کا خاتمہ حکومت کی اولین ترجیح ہے جس کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں