فوڈ اتھارٹی نے سو کلو سے زائد ناقص گوشت کو تلف کردیا

کوہاٹ میں فش پوائنٹ سے 25 کلو باسی مچھلی برآمد کرکے تلف، پوائنٹ سیل

جمعرات 20 جنوری 2022 23:55

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 جنوری2022ء) خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی اتھارٹی نے ڈی آئی خان کے علاقے دریا خان پل پر ناکہ بندی کے دوران ایک گاڑی سے 100 کلو سے زائد مضر صحت گوشت برآمد کرلیا۔ بھکر سے آنے والی گاڑی میں گوشت کو گھاس کے نیچے چھپایا گیا تھا۔ کاروائی ڈائریکٹر جنرل خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی اتھارٹی شاہ رخ علی خان کی ہدایت پر کی گئی، جس کے دوران مالکان پر بھاری جرمانہ عائد کیا گیا اور خراب گوشت کو موقع پر تلف کردیا گیا۔

فوڈ سیفٹی اتھارٹی کے مطابق کوہاٹ کے علاقے ہنگو پھاٹک کے قریب ایک فیش پوائنٹ سے 25 کلو باسی مچھلی برآمد کی گئی، باسی مچھلی فروخت کرنے پر فیش پوائنٹ کو سیل کردیا گیا اور مالکان پر جرمانہ عائد کیا گیا۔ چارسدہ کے علاقے شبقدر بازار میں بھی خوراک سے وابستہ مختلف کاروباروں کا معائنہ کیا گیا، انسپکشن کے دوران دودھ میں پانی کی ملاوٹ ثابت ہونے پر دو ڈیری شاپس کو سیل کردیا گیا۔

(جاری ہے)

صوابی میں مضر صحت بیکری پراڈکٹس تیار کرنے والے یونٹس کے خلاف کاروائی کی گئی، اور حفظان صحت کے اصولوں کی خلاف ورزی پر دو بیکری یونٹ سیل کردئے گئے، جبکہ کئی دیگر کو بہتری کے لئے نوٹسز جاری کئے گئے۔ ڈی جی فوڈ سیفٹی اتھارٹی شاہ رخ علی خان نے فیلڈ ٹیمز کو ملاوٹ مافیا اور حفظان صحت کے اصولوں کی خلاف ورزی کرنے والے عناصر کے خلاف کاروائیوں کا سلسلہ مزید تیز کرنے کی ہدایت کردی۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں