المدد ویلفیئر ٹرسٹ کی جانب سے بچوں میں مفت نوٹ بُکس تقسیم

تعلیم کی ترویج و ترقی کیلئے مخیر حضرات اور تنظیمیں بھی کردار ادا کریں، ڈاکٹر محمد اقبال

پیر 22 اپریل 2024 21:31

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 اپریل2024ء) المدد ویلفیئر ٹرسٹ کی جانب سے گورنمنٹ مبین شاہ شہید ہائیر سیکنڈری سکول نمبر 1 پشاور کینٹ میں تقریباً دس سرکاری تعلیمی اداروں کے سو سے زائد بچوں کو تعلیمی سیشن میں استعمال کے لئے مفت نوٹ بُکس مہیا کی گئیں۔ اس موقع پر بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے محکمہ ایلیمنٹری اور سیکنڈری ایجوکیشن کے ایڈیشنل ڈائریکٹر ڈاکٹرمحمد اقبال خان نے المدد ویلفیئر ٹرسٹ اور اس کے بانی چیئرمین سید مشتاق حسین بخاری کے تعلیمی ترقی میں کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ موجودہ صوبائی حکومت تعلیم کی ترقی اور فروغ کے لئے اپنے جملہ وسائل پوری طرح استعمال کر رہی ہے۔

مفت کتب کی فراہمی اور سکولوں میں دیگر سہولیات کی فراہمی پر بجٹ کا ایک کثیر حصہ صرف کر رہی ہے تا ہم مخیر حضرات اور غیر سرکاری تنظیموں کو بھی اس شعبے میں اپنا بھر پور کردار ادا کرنا چاہئیے۔

(جاری ہے)

اُنہوں نے کہا کہ سرکاری محکمے اور سرکاری تعلیمی ادارے ایسے افراد اور تنظیموں کا خیر مقدم کریں گے۔ المدد ویلفیئر ٹرسٹ کے بانی چیئرمین سید مشتاق حسین بخاری نے بتایا کہ ہم ٹرسٹ کے تحت مختلف سرکاری تعلیمی اداروں میں مرکز قائم کر کے ارد گرد کے سینکڑوں حاجتمند اور نادار طلبہ میں مفت نوٹ بُکس تقسیم کر رہے ہیں۔

اس وقت تک ضلع پشاور کے علاوہ ضلع نوشہرہ، چترال لوئر اور ضلع باجو ڑ میں بھی ٹرسٹ کے تحت غریب طلبہ میں نوٹ بکس تقسیم کی جا رہی ہیں اور ہمارا مصمم ارادہ ہے کہ ہم اس کا رِ خیر کا دائرہ کار دیگر اضلاع تک بھی بڑھائیں گے۔اس موقع پر معروف ماہر تعلیم محمد حلیم شیرازی، حاجی ندیم اور سکول کے پرنسپل سید عثمان شاہ نے بھی خطاب کیا اور تعلیم کی ترقی و ترویج کیلئے المدد ویلفیئر ٹرسٹ کے کرد ار کو سراہا۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں