خیبر پختونخوا کے وزیر برائے بلدیات کی زیر صدارت ایٹا بارے اجلاس

محکمہ اعلیٰ تعلیم کی جانب سے ایٹا کی استعداد کار بڑھانے کیلئے تمام ممکنہ اقدامات کیے جا رہے ہیں،ایٹا کا سلیکشن پروسیجر صاف و شفاف اور سب کے سامنے ہے،ارشدایوب خان

منگل 23 اپریل 2024 03:50

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اپریل2024ء) خیبر پختونخوا کے وزیر برائے بلدیات ارشد ایوب خان کی زیر صدارت کابینہ کے ایٹا کے حوالے سے دیئے گئے حکم نامے کی خلاف ورزی کے بارے میں اجلاس ہوا۔اجلاس میں صوبائی وزیر ایلیمنٹری اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن فیصل خان ترقئی، صوبائی وزیر ہائر ایجوکیشن مینا خان، صوبائی وزیر ایگریکلچر میجر ریٹائرڈ سجاد اور مشیر برائے وزیراعلی خیبر پختوخواہ مشال خان یوسف زئی نے شرکت کی۔

صوبائی وزیر ارشد ایوب خان نے کہا کہ صوبائی کابینہ کے فیصلے کے باوجود کچھ محکموں نے ایٹا کے علاوہ پرائیویٹ ٹیسٹنگ ایجنسیز کو ہائر کیا اور ان کی خدمات حاصل کیں، ان کے خلاف انکوائری کی جائے گی تاکہ پتہ لگے ایسے کیوں کیا گیا۔ صوبائی وزیر ارشد ایوب خان نے کہا کہ محکمہ اعلیٰ تعلیم کی جانب سے ایٹا کی استعداد کار بڑھانے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کیے جا رہے ہیں،ایٹا کا سلیکشن پروسیجر صاف و شفاف اور سب کے سامنے ہے۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر ارشد ایوب نے کہا کہ پورے پاکستان میں ایٹا واحد سرکاری ٹیسٹنگ ایجنسی اور افرادی قوت کی کمی کے ساتھ بہت زیادہ کام کر رہی ہے۔ ایٹا نادرا سے منسلک ہے اور اس کے ساتھ ساتھ ٹیسٹ کے دوران ویڈیو ریکارڈنگ کی جاتی ہے تاکہ کسی قسم کی بدعنوانی کا کوئی امکان نہ رہے۔اجلاس میں موجود صوبائی وزرا نے ایٹا کی کارکردگی کو سراہا اور مختلف ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے پرائیویٹ ٹیسٹنگ ایجنسیز کو ٹیسٹ کنڈکٹ کرانے اور کابینہ کے فیصلے کی خلاف ورزی کرنے پر برہمی کا اظہار کیا اور انکے خلاف انکوائری کے فیصلے کو سراہا۔

انہوں نے کہا کہ جن محکموں نے پرائیویٹ ٹیسٹنگ ایجنسیوں کو اشتہار دے کر امیدواروں سے فیسیں وصول کر لی ہیں لیکن ٹیسٹ ابتک نہیں کرائے وہ امیدواروں کو فیس واپس کریں اور ان اشتہارات کو منسوخ کریں۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں