مردان حالیہ بارشیں ، جاں بحق افراد کے لواحقین میں چیکس تقسیم

صوبائی حکومت مشکل کی اس گھڑی میں صوبے کے تمام متاثرہ خاندانوں کیساتھ کھڑی ہے، صوبائی وزیر خوراک ظاہر شاہ طورو

بدھ 24 اپریل 2024 20:05

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 اپریل2024ء) خیبرپختونخوا کے وزیر برائے خوراک ظاہر شاہ طورو نے مردان کے ویلج کونسل سوکئی میں حالیہ بارشوں سے ایک گھر کے کمرے کی چھت گرنے سے جاں بحق ہونے والی ماں اور بچیوں کے لواحقین میں گزشتہ روز تیس لاکھ روپے کے مالی امدادی کے چیکس تقسیم کیے۔ اس موقع پرصوبائی وزیر نے کہا کہ وزیر اعلی خیبر پختونخوا سردار علی امین گنڈاپور نے صوبے میں بارش اور سیلاب کی صورتحال کی نگرانی اور شہریوں کی سہولت کیلئے وزیر اعلی سیکرٹریٹ میں پہلے ہی کنٹرول روم قائم کیا ہے جبکہ ضلعی سطح پر تمام ڈپٹی کمشنروں کے دفاتر میں بھی ایمرجنسی کنٹرول روم قائم ہیں اور عوام کسی بھی حادثے کی صورت میں ہنگامی امداد کے حصول کے لیے دن رات ان سے رابطہ کر سکتے ہیں۔

(جاری ہے)

ظاہر شاہ طورو کا کہنا تھا کہ جہاں بھی حالیہ بارشوں سے جن خاندانوں کا مالی و جانی نقصان ہوا ہے اسے فوری ضلعی انتظامیہ کو رپورٹ کریں تاکہ بروقت سروے کرکے متاثرین کو ہنگامی بنیادوں پر نقصانات کا معاوضہ ادا کیا جا سکے صوبائی وزیر نے جاں بحق افراد کے بلند درجات کی دعا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت مشکل کی اس گھڑی میں صوبے کے تمام متاثرہ خاندانوں کیساتھ کھڑی ہے اور موجود وسائل کو بروئے کار لاکر سب متاثرہ خاندانوں کی بلا تفریق ہر ممکن امداد کی فراہمی ہر صورت یقینی بنائے گی۔ واضح رہے کہ اس موقع پر ضلعی انتظامیہ کے افسران بھی موجود تھے ۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں