بلین ٹری پلس منصوبے کے تحت لگانے والے پودوں کی سخت مانیٹرنگ کی جائے گی ،فضل حکیم

منگل 30 اپریل 2024 22:10

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 اپریل2024ء) خیبر پختونخوا کے وزیر برائے جنگلات، ماحولیات، موسمیاتی تبدیلی و جنگلی حیات فضل حکیم خان یوسفزئی نے کہا ہے کہ بلین ٹری پلس منصوبے کے تحت لگانے والے پودوں کی سخت مانیٹرنگ کی جائے گی ،محکمے کی جانب سے جاری کردہ ایس او پیز پر سختی سے عمل درآمد ہوگا، ایک ایک پودے کا ریکارڈ رکھیں گے جبکہ منصوبے کو کامیاب بنانے کیلئے تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائیں گے، جو بھی افسر یا ملازم ڈیوٹی میں غفلت برتنے کا مرتکب ہوا تو اس کیخلاف وارننگ کی بجائے سخت ایکشن لیا جائے گا۔

ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر نے اپنے دفتر پشاور میں بلین ٹری پلس منصوبے کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں پی ڈی محمد جنید دیار، بی ٹی ٹی پی- 10 محمد ابرہیم اور دیگر نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں بلین ٹری پلس منصوبے سے متعلق تبادلہ خیال کیا گیا اور منصوبے کی کامیابی کیلئے ضروری فیصلے کئے گئے۔ اجلاس سے صوبائی وزیر فضل حکیم خان یوسفزئی کا کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا سردار علی امین گنڈاپور کے احکامات کے مطابق بلین ٹری پلس منصوبے پر آغاز کیا جائے گا جس کیلئے تمام تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بلین ٹری پلس منصوبے کی کامیابی کیلئے پورے صوبے میں نہ صرف پودے لگائیں گے بلکہ ان پودوں کی نگرانی بھی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت کی کوشش اور خواہش ہے کہ درختوں کے تحفظ کے ساتھ ساتھ جنگلات میں مزید اضافہ کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ بلین ٹری پلس ایک عظیم منصوبہ ہے جسے ہر صورت ہم سب کو مشترکہ طور پر کامیاب کرانا ہوگا۔

انہوں نے کہاکہ پی ٹی آئی حکومت نے اپنے دور میں موسمیاتی تبدیلی سے بچنے کے لئے بھرپور جدوجہد کی ہے تاکہ آنے والی نسل ماحولیاتی اور جسمانی طور پر صاف ماحول سے مستفید ہو۔ صوبائی وزیر جنگلات فضل حکیم خان یوسفزئی نے کہا کہ بلین ٹری پلس کی تکمیل کا وژن وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا سردار علی امین گنڈاپور کا خواب ہے جسے ہر صورت کامیاب بنائیں گے۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں