صوبے کی سطح پر گندم کا کوٹہ ڈبل کردیا گیا ہے،صوبائی وزیر خوراک

منگل 30 اپریل 2024 22:50

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 اپریل2024ء) خیبر پختونحوا کے وزیر خوراک ظاہر شاہ طورو نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت عوام کوزیادہ سے زیادہ ریلیف دینے کیلئے کوشاں ہے،عمران خان کی وژن کے مطابق عوام کے حقوق کیلئے صوبائی حکومت کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کرے گی،صوبے کی سطح پر گندم کاکوٹہ ڈبل کردیا گیا ہے انشاء اللہ اضلاع کی سطح پر عوام کو گندم کا کوئی مسئلہ نہیں ہوگا،محکمہ خوراک نے اس کیلئے مربوط حکمت عملی کے تیار کی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کے روز دورہ کرک کے موقع پر گندم کے گودام کے معائنے کے موقع پرمیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر رکن خیبر پختونخوا اسمبلی خورشید خٹک، ڈپٹی کمشنر کرک مجیب الرحمن، ڈی ایف سی کرک ابوبکر، دیگر ضلعی افسران اور پارٹی کے ضلعی رہنما موجود تھے۔

(جاری ہے)

ظاہر شاہ طورو نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی ہدایت کے مطابق صوبے کے عوام کو ہر قسم کی سہولت بہم پہنچانے کی کوشش کررہے ہیں اور عوام نے عمران خان پر جو اعتماد کیا ہے اس کو کبھی ٹھیس نہیں پہنچائیں گے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ صوبے میں نانبائیوں کے ریٹ کو کنٹرول کردیا گیاہے اورمحکمہ خوراک کو روزانہ کی بنیاد پر چیکنگ شروع کرنے کی ہدایت کی گئی ہے اور وہ خود بھی بازاروں کے اچانک دورے کررہے ہیں۔وزیر خوراک نے کہا کہ پی ٹی آئی عوام کی بے لوث خدمت پر یقین رکھتی ہے اور عوام کو شکایت کا موقع نہیں دیں گے۔انہوں محکمے کے افسران سے کہا کہ وہ عوام کی خدمت کو اپنا شعار بنائیں۔انہوں نے ایک اورسوال کے جواب میں کہا کہ روٹی کی قیمتوں میں خود ساختہ اضافہ کرنے والوں کے ساتھ آ ہنی ہاتھوں نمٹا جائے گا اور کسی کو عوام کے ساتھ زیادتی نہیں کرنے دیں گے۔قبل ازیں وزیر خوراک کوضلع کرک میں خوراک کے ذخیرے،سپلائی اورگنجائش کے بارے میں تفصیلاً بتایاگیا۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں