مشال یوسفزئی کی منشیات بحالی مراکز میں زیر علاج مریضوں کو گھر والوں سے رابطہ کی سہولت ، مرکز کیلئے تجربہ کار ڈاکٹر مہیا کرنے کی ہدایت

بدھ 1 مئی 2024 18:18

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 مئی2024ء) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی مشیر برائے زکوٰۃ و عشر، سماجی بہبود و ترقی نسواں مشال اعظم یوسفزئی نے منشیات بحالی مراکز میں زیر علاج مریضوں کو ہفتے میں ایک دن گھر والوں سے ٹیلیفون کے ذریعے رابطہ کی سہولت فراہم کرنے جبکہ ڈی ایچ او کو منشیات بحالی مرکز کیلئے تجربہ کار ڈاکٹر مہیا کرنے کی ہدایت کی ہے۔

انہوں نے یہ ہدایات گزشتہ روز ضلع مالاکنڈ میں واقع منشیات بحالی مرکز کے اچانک دورہ کے دوران دیں۔ مشیر وزیراعلیٰ مشال اعظم یوسفزئی نے منشیات بحالی مرکز کے مجموعی حالات، سہولیات اور کارکردگی کا جائزہ لیا۔انہوں نے مریضوں سے گفتگو کی اور ان سے مسائل دریافت کئے۔انہوں نے کہا کہ منشیات کے استعمال میں مبتلا افراد کے زندگی کی طرف لوٹنے کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھارہے ہیں اور عنقریب منشیات میں مبتلا افراد کی بحالی کے لیے گرینڈ آپریشن شروع بھی کرینگے۔

(جاری ہے)

منشیات بحالی مرکز میں متعلقہ ڈاکٹر کی عدم موجودگی پر مشیر وزیراعلیٰ مشال اعظم یوسفزئی نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ڈی ایچ او کو منشیات بحالی مرکز کیلئے تجربہ کار ڈاکٹر مہیا کرنے کی ہدایت کی تاکہ مریضوں کا بہترین علاج ہوسکے ۔ مشیر وزیراعلیٰ مشال اعظم یوسفزئی نے منشیات بحالی مرکز میں زیر علاج مریضوں کو ہفتے میں ایک دن گھر والوں سے ٹیلیفون کے ذریعے رابطہ کی سہولت دینے کی بھی ہدایت کی۔ان کا کہنا تھا کہ فرائض کی ادائیگی میں کوتاہی و غفلت ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ محکمے کی ذمہ داریاں سنبھالنے کے بعد وہ صوبے کے مختلف اضلاع کے دورے کررہی ہیں اور وہاں محکمہ سماجی بہبود و ترقی نسواں، خصوصی تعلیم کے قائم اداروں کا جائزہ خود لے رہی ہیں۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں