29 ارب روپے کی لاگت سے 3 لاکھ میٹرک ٹن گندم خریداری 7 مئی سے شروع کی ہے ،ظاہر شاہ طورو

صوبے میں معاشی مشکلات کے باوجود عوام کو ریلیف دے رہے ہیں،وزیر خوراک کے حویلیاں ایبٹ آبادمیںگندم گودام کے دورے کی موقع پرگفتگو

اتوار 12 مئی 2024 18:30

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 مئی2024ء) خیبرپختونخوا کے وزیر خوراک ظاہر شاہ طورو نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت نے تقریباً 29 ارب روپے کی لاگت سے 3 لاکھ میٹرک ٹن گندم خریداری 7 مئی سے شروع کی ہے جو دو ماہ تک جاری رہی گی،صوبے میں معاشی مشکلات کے باوجود عوام کو ریلیف دے رہے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ممبر صوبائی اسمبلی افتخار احمد جدون کے ہمراہ حویلیاںایبٹ آباد میں گندم خریداری مرکز/گندم گودام کے دورے کے موقع پر کیا۔

اس موقع پر ڈسٹرکٹ گوڈ کنٹرولر ایبٹ آباد نے صوبائی وزیر خوراک کو گندم خریداری کے لئے کئے گئے تمام انتظامات پر تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ گودام میں سی سی ٹی وی کیمرے نصب کئے گئے ہیں اور گودام میں تقریباً 18 ہزار میٹرک ٹن گندم کو ذخیرہ کیا جا سکتا ہے۔

(جاری ہے)

وزیر خوراک ظاہر شاہ طورو نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ گندم خریداری میں پہلے آئیں پہلے پائیں کے اصول اور شفافیت کو ہرصورت یقینی بنایا جائے،۔

انہوں نے کہا کہ مقامی کاشتکاروں سے گندم خریداری کا فیصلہ صوبائی حکومت نے کسانوں کے بہتر مفاد میں کیا ہے، مقامی کاشتکاروں سے گندم خریداری سے صوبے کو 12 ارب روپے کی بچت بھی ہوگی،انہوں نے کہا کہ گندم کی خریداری میں ملوث بد عنوان اہلکار نہ صرف انسان دشمن تصور ہو ں گے بلکہ انکو مثالی سزا بھی دی جائے گی ۔صوبائی وزیر خوراک ظاہر شاہ طورو نے کہا کہ کرپشن کیخلاف زیرو ٹالرنس پر یقین رکھتے ہیں جو بانی پی ٹی آئی عمران خان کا وژن کا ہے۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں