تنخواہ بندش ‘ بیسک ایجوکیشن کمیونٹی سکولز اساتذہ کا احتجاج

اساتذہ کی تنخواہیں فوری طور پر ریلیز اور سکیل دے کر مستقل کیا جائے ‘ مظاہرین کا مطالبہ

پیر 13 مئی 2024 20:11

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 مئی2024ء) خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے بیسک ایجوکیشن کمیونٹی سکولز کے اساتذہ نے تنخواہوں کی بندش اور سکیل کی عدم فراہمی کیخلاف پشاور پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا مظاہرین کی قیادت آل بیسک ایجوکیشن کمیونٹی سکولز ایسوسی ایشن کے صدر مظاہر حسین، نائب صدر ارشاد علی اور جنرل سیکرٹری نعمت اللہ کر رہے تھے مظاہرین نے کہا کہ مذکورہ دو ہزار تک سکولز 1998 سے وفاق کے زیر نگرانی قائم کیے گئے تھے تاہم اٹھارویں ترمیم کے بعد خیبر پختونخوا کو حوالے کیے گئے جس میں اب بھی ہزاروں طلبہ تعلیم حاصل کر رہے ہیں لیکن بدقسمتی سے ان سکولوں کے دو ہزار تک مرد و خواتین اساتذہ کو 21 ہزار روپے فی استاد تنخواہ دی جارہی ہے جو ماہانہ مقررہ اجرت سے بھی کم ہے اور گزشتہ 35 مہینوں کی تنخواہیں انہیں ادا ہی نہیں کی گئیں انہوں نے کہا کہ اساتذہ کو تنخواہیں فوری جاری کرکے انہیں سکیل دیکر مستقل کیا جائے طلبہ کو فوری نصاب کی کتابیں اور فرنیچر فراہم کی جائے ان کی تنخواہوں میں اضافہ کیا جائے اور دونوں فاونڈیشن کی پی سی ون کی توسیع کی منظوری دی جائے تاہم اگر ان کے مطالبات تسلیم نہ ہوئے تو صوبائی اسمبلی کے سامنے دھرنا دینگے۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں