ملک بھر میں دائر الیکشن پٹیشنز جلد ازجلد نمٹانا چاہئے، بیرسٹر ڈاکٹر سیف

بدھ 15 مئی 2024 23:05

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 15 مئی2024ء) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیر برائے اطلاعات و تعلقات عامہ بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا ہے کہ ملک بھر میں دائر الیکشن پٹیشنز جلد ازجلد نمٹائی جانی چاہئے۔ مخصوص نشستوں کے بعد ٹریبونلز کے انصاف پر مبنی فیصلوں سے ملکی سیاست کا نقشہ یکسر مختلف ہوسکتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ جعلی فارم 47 کے ذریعے ملک پر سازشی ٹولہ مسلط کیا گیا ہے۔

الیکشن ٹریبونلز سے درخواست ہے کہ پٹیشنز جلد نمٹا کر فارم 45کے مطابق نتائج دیں۔ ٹریبونلز کے شفاف فیصلوں کے بعد جعلی سلطنت خود بخود زمین بوس ہو جائیگی۔ جعلی فارم 47 کے ذریعے پی ٹی آئی کے مینڈیٹ پر ڈاکہ ڈالا گیا ہے۔ ملک میں فارم 47 کے ذریعے جو تباہی مچی ہے اس میں چیف الیکشن کمشنر کے کردار پر انکوائری ہونی چاہئیے اور عدالتی کمیشن کے ذریعے انتخابات میں الیکشن کمیشن کے کردار کی تحقیقات کرائی جائیں۔

(جاری ہے)

الیکسن کمیشن کے ممبران کے کردار کو عدالتی کمیشن کے ذریعے جانچا جائے۔ بیرسٹر سیف نے کہا کہ الیکشن کمیشن کو اپنے متنازعہ کردار کی وضاحت دینی پڑے گی۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ چیف الیکشن کمشنر اور ممبران کے اثاثوں کی تحقیقات کروائی جائے۔ ملک کی مضبوطی اور استحکام کیلئے ہر ادارے کو ماوراء آئین فیصلوں کا حساب دینا ہوگا۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں