وزیر زراعت کی زیر صدارت خیبر پختونخوا فوڈ سکیورٹی سپورٹ پروجیکٹ اور دیہی سرمایہ کاری پروجیکٹ کے حوالے سے اجلاس

جمعرات 16 مئی 2024 20:20

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 مئی2024ء) خیبر پختونخوا کے وزیرِ زراعت میجر ریٹائرڈ سجاد بارکوال کی زیر صدارت خیبر پختونخوا فوڈ سکیورٹی سپورٹ پروجیکٹ اور خیبر پختونخوا دیہی سرمایہ کاری اور ادارہ جاتی سپورٹ پروجیکٹ کی پیشرفت کے حوالے سے گزشتہ روز اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں سیکرٹری زراعت و پراجیکٹ ڈائریکٹر کے پی ایف ایس ایس پی جاوید مروت، ایڈیشنل سیکرٹری زراعت و پراجیکٹ ڈائریکٹر کے پی آر آئی آئی ایس پی محمد طاہر، ڈپٹی سیکرٹری زراعت اور دیگر پراجیکٹ سٹاف نے شرکت کی۔

وزیر ِزراعت کو کے پی ایف ایس ایس پی کے بارے میں بریفنگ دی گئی جس میں بتایا گیا کہ کے پی ایف ایس ایس پی منصوبہ بنیادی طور پر سیلاب سے متاثرہ 7اضلاع سوات، دیر اپر، مالاکنڈ، چارسدہ، نوشہرہ، پشاور اور ڈی آئی خان پر مرکوز ہے۔

(جاری ہے)

اس منصوبے سے کاشتکار برادری کو موسمیاتی تبدیلی، معیاری بیج ذخیرہ کرنے کے حوالے سے تربیت، خواتین کسانوں کو کچن گارڈننگ کی تربیت فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ زرعی اداروں کے ماسٹر ٹرینر کو بھی صوبہ بھر میں بہتر طریقے سے تربیت دی جائے گی۔

پراجیکٹ ڈائریکٹر نے مزید بتایا کہ ایک ڈیجیٹل پلیٹ فارم تیار کیا جائے گا جس کے ذریعے پراجیکٹ کے تمام اضلاع کے کسانوں کی رجسٹریشن کی جائے گی۔ کسانوں کی تربیت اور رجسٹریشن کے عمل کے بعد متاثرہ کسانوں کو اناج کی فصلوں اور سبزیوں کا تصدیق شدہ بیج اور دیگر مواد فراہم کیا جائے گا۔ صوبائی وزیر نے دونوں منصوبوں کی پیشرفت کو سراہا اور صوبے کی کاشتکار برادری کی فلاح و بہبود اور زرعی اداروں کی استعداد کار میں اضافے کے لیے منصوبوں کی پیش رفت کی موجودہ رفتار کو جاری رکھنے پر زور دیا۔

متعلقہ عنوان :

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں